علی اصغر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خواب اک پرندہ ہے (نظم)
خواب اک پرندہ ہے
آنکھ کے قفس میں یہ
جب تلک مقید ہے
عکس بن کے زندہ ہے
زرد موسموں میں بھی
خوش گوار یادوں کو
تازہ کار رکھتا ہے
آنے والے موسم کے
گیت گنگناتا ہے
شاخ شاخ پر مہکے
پھول چن کے لاتا ہے
اور پھر ہوا کے دوش
خوشبوؤں کا ساتھی ہے
زیست کے سمندر میں
خواہشیں جزیرہ ہیں
اور اس جزیرے میں
خوف کا اندھیرا ہے
اور اس اندھیرے میں
خواب سا پرندہ ہے
صبح کا ستارہ ہے
دن کا استعارہ ہے
مزید غزلیں از علی اصغر عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں