پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالحمید ساقی کی غزلیں — Abdul Hameed Saqi Ghazals

عبدالحمید ساقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لہو کی بوند مثل آئنہ ہر در پہ رکھی تھی (غزل)

لہو کی بوند مثل آئنہ ہر در پہ رکھی تھی

سند اہل وفا کی لاشۂ بے سر پہ رکھی تھی

نگاہیں وقت کی کیسے نظر انداز کر دیتیں

اساس گلستاں کترے ہوئے شہ پر پہ رکھی تھی

انا مجروح ہو جاتی قدم پیچھے اگر ہٹتے

بنائے قرب دوہری دھار کے خنجر پہ رکھی تھی

ادھر ہم سر ہتھیلی پر لیے مقتل میں پہنچے تھے

ادھر قاتل نے گھبرا کر ہتھیلی سر پہ رکھی تھی

خودی کی روشنی میں میں نے دیکھا ہے عقیدت کو

خدائی ورنہ آذر کی مری ٹھوکر پہ رکھی تھی

خلوص و مہر کے پانی نے ٹھنڈا کر دیا آخر

جو تم نے آگ نفرت کی دل مضطر پہ رکھی تھی

لیا جاتا نہ کیسے امتحان ظرف اے ساقیؔ

نظر ہر ایک بادہ خوار نے ساغر پہ رکھی تھی

اس سے پہلے کہ ہمیں اہل جفا رسوا کریں (غزل)

اس سے پہلے کہ ہمیں اہل جفا رسوا کریں

اپنی جاں دے کر وفا کرنے کا ہم وعدہ کریں

آؤ شبنم کی طرح بن جائیں تقدیر چمن

کیوں کلی بن کر کھلیں اور کھل کے مرجھایا کریں

گلشن ہستی میں ہم ساون کے بادل کی طرح

جھوم کر اٹھا کریں اور ٹوٹ کر برسا کریں

خاکۂ الفت میں خوں بھرنا تھا ہم نے بھر دیا

لوگ ہم کو با وفا یا بے وفا سمجھا کریں

اپنی آنکھوں کا سمندر بہہ کے تو خاموش ہے

دل کے اندر کی سلگتی آگ کو ہم کیا کریں

ایک ہی چلو ہے کافی اہل غیرت کے لیے

ڈوب مرنے کے لیے کیوں خواہش دریا کریں

کھو کے کیا پایا ہے ہم نے پا کے کیا کچھ کھو دیا

آئنہ میں وقت کے ساقی یہ اندازہ کریں

مزید غزلیں از عبدالحمید ساقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں