پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی اصغر کی غزلیں — Ali Asghar Ghazals

علی اصغر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھر سے باہر نکل کے دیکھ ذرا (غزل)

گھر سے باہر نکل کے دیکھ ذرا

کون صحرا میں دے گیا ہے صدا

میں نے جب اس کی خیریت پوچھی

اس نے باتوں میں مجھ کو ٹال دیا

کتنے پنکھے لگا دئے چھت میں

پھر بھی گرمی کا زور کم نہ ہوا

اونچی اونچی عمارتوں میں کہاں

جو سکوں دل کو جھونپڑے میں ملا

ساتھ چلتے ہیں لوگ پل دو پل

طے ہوا ہے ہر اک سفر تنہا

آ کے جنگل میں چین سے رہیے

رات اک بھیڑیا پکار گیا

حیدرآباد میں علی اصغرؔ

ایک میلہ سا مقبروں پہ لگا

اہل دل فسانوں میں ذکر یار کرتے ہیں (غزل)

اہل دل فسانوں میں ذکر یار کرتے ہیں

مسکرا کے محفل کو اشک بار کرتے ہیں

بد نصیب دھرتی کی داستاں ہی ایسی ہے

اس کے چاہنے والے اس پہ وار کرتے ہیں

دھجیوں کے سودا گر آئیں آ کے لے جائیں

ہم خوشی سے دامن کو تار تار کرتے ہیں

حادثوں کے کندھوں پر جسم و جاں کو لے آؤ

اسپتال کے کمرے انتظار کرتے ہیں

بھولی بسری یادوں کے برف دان میں رکھ دو

خواب جو تمہیں اکثر بے قرار کرتے ہیں

جوڑ توڑ لفظوں کا شاعری نہیں ہوتا

لوگ جانے کیوں ایسا بار بار کرتے ہیں

میں ہوں سوکھا پیڑ (نظم)

میں ہوں سوکھا پیڑ

تو برکھا

میں چٹئیل میداں

تو سبزہ

میں صحرا

تو بہتا چشمہ

میں ہوں دہکتا انگارہ

اور تو شبنم

میں پیڑا

اور تو مرہم

ہم دونوں کا

جنم جنم سے ساتھ رہا ہے

مزید غزلیں از علی اصغر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں