علی اکبر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی جو نور کا مظہر رہا ہے (غزل)
کبھی جو نور کا مظہر رہا ہے
وہ کن تاریکیوں میں مر رہا ہے
کسی سورج کا ٹکڑا توڑ لائیں
زمیں کا جسم ٹھنڈا پڑ رہا ہے
کہیں آثار ڈھونڈیں زندگی کے
کبھی یہ چاند میرا گھر رہا ہے
متاع آسماں بھی لٹ نہ جائے
ستارے پر ستارہ گر رہا ہے
ہوا میں لفظ لکھے جا رہے ہیں
کوئی زخمی پرندہ اڑ رہا ہے
جو خود کو پائیں تو پھر دوسرا تلاش کریں (غزل)
جو خود کو پائیں تو پھر دوسرا تلاش کریں
اس اک حیات میں اب اور کیا تلاش کریں
ستارہ گو ہے یہ شب اس کو غور سے سن لیں
اور اس کا دن جو کہیں کھو گیا تلاش کریں
ہم اپنی بات کو دیوار ہی میں چنوا دیں
نظر شبیہ سماعت صدا تلاش کریں
ہے باب جاں پہ رکا عکس میہماں آ کر
سر وجود کوئی آئنہ تلاش کریں
ہوا میں زہر ہے صحرا کا یا سمندر کا
یہ علم ہو تو کوئی بدرقہ تلاش کریں
گھور اندھیرے صحراؤں میں (نظم)
گھور اندھیرے صحراؤں میں
جب میں بھٹکا
اک ٹیلے پر چڑھ کر چیخا
خدایا!!
اک سکتے کے بعد جواباً
ستر بار
اپنی ہی آواز سنائی دی مجھ کو