علی احمد جلیلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوشی نے مجھ کو ٹھکرایا ہے درد و غم نے پالا ہے (غزل)
خوشی نے مجھ کو ٹھکرایا ہے درد و غم نے پالا ہے
گلوں نے بے رخی کی ہے تو کانٹوں نے سنبھالا ہے
محبت میں خیال ساحل و منزل ہے نادانی
جو ان راہوں میں لٹ جائے وہی تقدیر والا ہے
جہاں بھر کو متاع لالہ و گل بخشنے والو
ہمارے دل کا کانٹا بھی کبھی تم نے نکالا ہے
کناروں سے مجھے اے ناخداؤ دور ہی رکھنا
وہاں لے کر چلو طوفاں جہاں سے اٹھنے والا ہے
چراغاں کر کے دل بہلا رہے ہو کیا جہاں والو
اندھیرا لاکھ روشن ہو اجالا پھر اجالا ہے
نشیمن ہی کے لٹ جانے کا غم ہوتا تو غم کیا تھا
یہاں تو بیچنے والوں نے گلشن بیچ ڈالا ہے
اب چھلکتے ہوئے ساغر نہیں دیکھے جاتے (غزل)
اب چھلکتے ہوئے ساغر نہیں دیکھے جاتے
توبہ کے بعد یہ منظر نہیں دیکھے جاتے
مست کر کے مجھے اوروں کو لگا منہ ساقی
یہ کرم ہوش میں رہ کر نہیں دیکھے جاتے
ساتھ ہر ایک کو اس راہ میں چلنا ہوگا
عشق میں رہزن و رہبر نہیں دیکھے جاتے
ہم نے دیکھا ہے زمانے کا بدلنا لیکن
ان کے بدلے ہوئے تیور نہیں دیکھے جاتے