عبدالحفیظ ساحل قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو نیکی کر کے پھر دریا میں اس کو ڈال جاتا ہے (غزل)
جو نیکی کر کے پھر دریا میں اس کو ڈال جاتا ہے
وہ جب دنیا سے جاتا ہے تو مالا مال جاتا ہے
سنبھل کر ہی قدم رکھنا بیابان محبت میں
یہاں سے جو بھی جاتا ہے بڑا بے حال جاتا ہے
کبھی بھوکے پڑوسی کی خبر تو لی نہیں اس نے
مگر کرنے وہ عمرہ اور حج ہر سال جاتا ہے
مناؤں ہر برس جشن ولادت کس لئے آخر
یہاں ہر سال میری عمر کا اک سال جاتا ہے
ہے دنیا تک ہی اپنی دسترس میں دولت دنیا
فقط ہم راہ اپنے نامۂ اعمال جاتا ہے
بنا دیکھے خدا کو مانتا ہوں اس لئے ساحلؔ
کوئی تو ہے جو ہم کو روز دانہ ڈال جاتا ہے
مجھے تنہائی کے غم سے بچا لیتے تو اچھا تھا (غزل)
مجھے تنہائی کے غم سے بچا لیتے تو اچھا تھا
سفر میں ہم سفر اپنا بنا لیتے تو اچھا تھا
شکست فاش کا غم زندگی جینے سے بد تر ہے
جھکانے کی بجائے سر کٹا لیتے تو اچھا تھا
کبھی اشکوں پہ اتنا ضبط بھی اچھا نہیں ہوتا
یہ چشمہ پھر ضرر دے گا بہا لیتے تو اچھا تھا
بھلا کیا فائدہ اب قبر پہ آنسو بہانے سے
اگر ماں باپ کی پہلے دعا لیتے تو اچھا تھا
شکایت سے بھلا ساحلؔ ہوا ہے فائدہ کس کا
غم دل گر ہنسی میں تم چھپا لیتے تو اچھا تھا