پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علی افضل جھنجھانوی کی غزلیں — Ali Afzal Jhanjhanvi Ghazals

علی افضل جھنجھانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ آج ہو گیا شامل عدو کے لشکر میں (غزل)

وہ آج ہو گیا شامل عدو کے لشکر میں

جو بیٹھتا تھا ہمیشہ مرے برابر میں

ہمارے قلب و جگر کو لہولہان کیا

بڑا ہی وزن تھا اس بے وفا کے پتھر میں

تمام نعمتیں رب نے مجھے عطا کی ہیں

بس ایک اس کو نہ لکھا مرے مقدر میں

میں اپنا حال کسی سے بیاں نہیں کرتا

بڑی ہی شان سے رہتا ہوں اپنے چھپر میں

مجھے نہیں ہے ضرورت تری عنایت کی

خدا کے فضل سے ہر چیز ہے مرے گھر میں

ہر ایک شخص میں کمیاں تلاش کرتے ہو

جھلک رہا ہے تکبر تمہارے تیور میں

سمندروں سے صدف وہ ہی لے کے آتا ہے

بلند حوصلہ ہوتا ہے جس شناور میں

منافقوں پہ کبھی اعتبار مت کرنا

چھپا کے رکھتے ہیں خنجر سدا گل تر میں

تمہیں بھی آ گیا افضلؔ شعور شعر و سخن

تمہارا نام بھی شامل ہوا سخنور میں

وفا خلوص محبت کی روشنی کے چراغ (غزل)

وفا خلوص محبت کی روشنی کے چراغ

ہمیشہ میں نے جلائے ہیں دوستی کے چراغ

یہ مت سمجھنا کے آسان کام ہوتا ہے

جگر کے خون سے جلتے ہیں زندگی کے چراغ

دلوں سے ہمت مرداں نکال دیتے ہیں

عجیب قسم کے ہوتے ہیں بزدلی کے چراغ

ہوئی جو عشق کی معراج ہو گیا معلوم

اٹھا کے مشکلیں جلتے ہیں عاشقی کے چراغ

سخن سرائی میں ہوتی نہیں مجھے دقت

مرے دماغ میں جلتے ہیں شاعری کے چراغ

کوئی کسی کی مدد کے لیے نہیں آتا

جلانے پڑتے ہیں از خود ہی زندگی کے چراغ

میں ایک عرصے سے رنج و الم کی قید میں ہوں

خدایا کر دے عطا مجھ کو اب خوشی کے چراغ

نہیں ہے خواہش جنت مجھے مرے مولیٰ

مری لحد میں جلا دینا بس علی کے چراغ

خدا سے ہوتی ہے قربت اسی لیے افضلؔ

ہوا کی تیزی سے ڈرتے نہیں ولی کے چراغ

مزید غزلیں از علی افضل جھنجھانوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں