پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالحفیظ خلش تسکینی کی غزلیں — Abdul Hafeez Khalish Taskini Ghazals

عبدالحفیظ خلش تسکینی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وقت کے آسیب سے ڈر جائیں کیا (غزل)

وقت کے آسیب سے ڈر جائیں کیا

موت سے بھی پہلے ہم مر جائیں کیا

بیچ میں در آئے ہے میری وفا

تہمتیں اس شوخ کے سر جائیں کیا

فرق عادت میں ابھی آیا نہیں

ہم حرم مے خانہ ہو کر جائیں کیا

ہو گئی ہے کیوں تمہاری آنکھ نم

ہم یہاں کچھ دیر رک کر جائیں کیا

زندگی کیا دل کشی کم تو نہیں

آپ کی خاطر سہی مر جائیں کیا

آج کل ماحول اچھا ہو گیا

دل میں جو ٹھانی ہے ہم کر جائیں کیا

جن میں ان کا قرب حاصل تھا خلشؔ

میری آنکھوں سے وہ منظر جائیں کیا

عشق کو پہنا رہا ہوں آہ و زاری کا لباس (غزل)

عشق کو پہنا رہا ہوں آہ و زاری کا لباس

تا کہ ہو مجھ کو میسر فضل باری کا لباس

کب ہمارے واسطے لوٹیں گی خوشیاں زندگی

کب اتارے گا زمانہ سوگواری کا لباس

راز میں پھر بھی ہمارا عشق رہ سکتا نہیں

زیب تن ہم لاکھ کر لیں پردہ داری کا لباس

میرے پیچھے پڑ گئے ہیں سیکڑوں بت اے خدا

کر عطا ایماں کو میرے پائیداری کا لباس

در حقیقت چھوڑ بیٹھے ہیں سبھی اب یہ چلن

اک دکھاوا ہے وفا کی پاسداری کا لباس

جان کر بازی لگانا جان پر آنے لگا

بس نمائش کے لئے ہے اب تو یاری کا لباس

لوگ اپنی عظمتوں کے گا رہے ہیں گن خلشؔ

اور میں پہنے ہوئے ہوں انکساری کا لباس