پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

علیم صبا نویدی کی غزلیں — Aleem Saba Navedi Ghazals

علیم صبا نویدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں جس کا منتظر ہوں وہ منظر پکار لے (غزل)

میں جس کا منتظر ہوں وہ منظر پکار لے

شاید نکل کے جسم سے باہر پکار لے

میں لے رہا ہوں جائزہ ہر ایک لہر کا

کیا جانے کب یہ مجھ کو سمندر پکار لے

صدیوں کے درمیان ہوں میں بھی تو اک صدی

اک بار مجھ کو اپنا سمجھ کر پکار لے

میں پھر رہا ہوں شہر میں سڑکوں پہ غالباً

آواز دے کے مجھ کو مرا گھر پکار لے

شیشے کی طرح وقت کے ہاتھوں میں ہوں ہنوز

کب جانے حادثات کا پتھر پکار لے

وہ لمحہ جس کی ذہن صباؔ کو تلاش ہے

رونے کے اہتمام میں ہنس کر پکار لے

لب کیا کھلے کہ قوت گویائی چھن گئی (غزل)

لب کیا کھلے کہ قوت گویائی چھن گئی

پیش نگاہ وہ تھے کہ بینائی چھن گئی

ہونٹوں پہ دہشتوں کی تھی طغیانی ہر طرف

سارے گواہ خشک تھے سچائی چھن گئی

اوروں کے نام ہی سہی سب صحبتیں تری

تیرے بغیر بھی مری تنہائی چھن گئی

ظلم و ستم کی تخت نشینی کے دن جو آئے

گھر گھر اداس شہر کی رعنائی چھن گئی

دست نگاہ جب بھی اٹھے ہیں افق کی سمت

آفاق کے نصیب کی گہرائی چھن گئی

اتنی لذیذ تر تھیں غلط کاریاں صباؔ

مل کر گلے برائی سے اچھائی چھن گئی

تیرے جمال کی دوشیزگی کی قوس قزح (نظم)

تیرے جمال کی دوشیزگی کی قوس قزح

نگاہ مہبط ادراک میں نہ کیوں رکھ لوں

زمانہ ساز ہوں میں آئنہ صفت ہوں میں

ہے وقت پیچھے مرے میں جہاں جدھر نکلوں

بھنور بھنور مجھے دیتا ہے وسعت افکار

حصار شور و تلاطم میں کب تلک میں رہوں

کشاکش غم ہستی مجھے اجازت دے

کنوارے پن کی ہتھیلی پہ تیرا نام لکھوں

وہ ایک نام فلک آشنا حیات آگیں

میں اپنی سانسوں میں پیہم رواں دواں دیکھوں

مزید غزلیں از علیم صبا نویدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں