عالم تاب تشنہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ کہ ہر عہد محبت سے مکرتا جائے (غزل)
وہ کہ ہر عہد محبت سے مکرتا جائے
دل وہ ظالم کہ اسی شخص پہ مرتا جائے
میرے پہلو میں وہ آیا بھی تو خوشبو کی طرح
میں اسے جتنا سمیٹوں وہ بکھرتا جائے
کھلتے جائیں جو ترے بند قبا زلف کے ساتھ
رنگ پیراہن شب اور نکھرتا جائے
عشق کی نرم نگاہی سے حنا ہوں رخسار
حسن وہ حسن جو دیکھے سے نکھرتا جائے
کیوں نہ ہم اس کو دل و جان سے چاہیں تشنہؔ
وہ جو اک دشمن جاں پیار بھی کرتا جائے
اٹھتے ہوئے طوفان کا منظر نہیں دیکھا (غزل)
اٹھتے ہوئے طوفان کا منظر نہیں دیکھا
دیکھو مجھے گر تم نے سمندر نہیں دیکھا
گزرا ہوا لمحہ تھا کہ بہتا ہوا دریا
پھر میری طرف اس نے پلٹ کر نہیں دیکھا
اک دشت ملا کوچۂ جاناں سے نکل کر
ہم نے تو کبھی عشق کو بے گھر نہیں دیکھا
تھے سنگ تو بیتاب بہت نقش گری کو
ہم نے ہی انہیں آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھا
اک عمر سے ہے جو مری وحشت کا ٹھکانہ
خوشیوں کی طرح تو نے بھی وہ گھر نہیں دیکھا
نفرت بھی اسی سے ہے پرستش بھی اسی کی
اس دل سا کوئی ہم نے تو کافر نہیں دیکھا
خواہش کو یہاں حسب ضرورت نہیں پایا
حاصل کو یہاں حسب مقدر نہیں دیکھا
ہر حال میں دیکھا ہے اسے ضبط کا پیکر
تشنہؔ کو کبھی ظرف سے باہر نہیں دیکھا