پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبد الاحد ساز کی غزلیں — Abdul Ahad Saaz Ghazals

عبد الاحد ساز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سوال کا جواب تھا جواب کے سوال میں (غزل)

سوال کا جواب تھا جواب کے سوال میں

گرفت شور سے چھٹے تو خامشی کے جال میں

برا ہو آئینے ترا میں کون ہوں نہ کھل سکا

مجھی کو پیش کر دیا گیا مری مثال میں

بقا طلب تھی زندگی شفا طلب تھا زخم دل

فنا مگر لکھی گئی ہے باب اندمال میں

کہیں ثبات ہے نہیں یہ کائنات ہے نہیں

مگر امید دید میں تصور جمال میں

قدیم سے ہٹے تو ہم جدید میں الجھ گئے

نکل کے گردش فلک سے موسموں کے جال میں

سوچ کر بھی کیا جانا جان کر بھی کیا پایا (غزل)

سوچ کر بھی کیا جانا جان کر بھی کیا پایا

جب بھی آئینہ دیکھا خود کو دوسرا پایا

ہونٹ پر دیا رکھنا دل جلوں کی شوخی ہے

ورنہ اس اندھیرے میں کون مسکرا پایا

بول تھے دوانوں کے جن سے ہوش والوں نے

سوچ کے دھندلکوں میں اپنا راستہ پایا

اہتمام دستک کا اپنی وضع تھی ورنہ

ہم نے در رسائی کا بارہا کھلا پایا

فلسفوں کے دھاگوں سے کھینچ کر سرا دل کا

وہم سے حقیقت تک ہم نے سلسلہ پایا

عمر یا زمانے کا کھیل ہے بہانے کا

سب نے ماجرا دیکھا کس نے مدعا پایا

شاعری طلب اپنی شاعری عطا اس کی

حوصلے سے کم مانگا ظرف سے سوا پایا

سازؔ جب کھلا ہم پر شعر کوئی غالبؔ کا

ہم نے گویا باطن کا اک سراغ سا پایا

آج بچپن کو دفن کر آئے (نظم)

آج بچپن کو دفن کر آئے

موہنی جھریاں سبک آنکھیں

مہرباں شفقتوں سے پر چہرہ

تھپکیاں دیتے ہاتھ نرم آغوش

چاہتیں دیکھ بھال پیار دلار

سارے کنبے کی فکر سب کا خیال

رابطے رشتے داریاں ناطے

خاطریں وضع داریاں مہماں

مرتبے حیثیت حساب نساب

نظم و ترتیب گھر کے اخراجات

موت میت بیاہ پیدائش

تعزیت تہنیت کے چال چلن

چھٹی عاشورہ عید اور برات

ہر بڑے چھوٹے دن کا پاس و لحاظ

روزے نفلیں وظیفے تسبیحیں

صدقہ منت مراد پیر فقیر

خیر خیرات بخششیں نذریں

لاگ لگ لین دین میل ملاپ

پوچھ گچھ رکھ رکھاؤ ریت رواج

رونقیں خوش کلامیاں آداب

رات قصے کہانیاں چہلیں

میز الماری پاندان پلنگ

ذائقے رنگ خوشبوئیں چہرے

ان محلوں کا خوشنما ماحول

ان گھروں کی روایتی تہذیب

آج اک دور جیسے ڈوب گیا

آج طفلی کا ساتھ چھوٹ گیا

مزید غزلیں از عبد الاحد ساز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں