علیم افسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چلے تھے بھر کے ریت جب سفر کی جسم و جاں میں ہم (غزل)
چلے تھے بھر کے ریت جب سفر کی جسم و جاں میں ہم
تو ساحلوں کا عکس دیکھتے تھے بادباں میں ہم
طیور تھے جو گھونسلوں میں پیکروں کے اڑ گئے
اکیلے رہ گئے ہیں اپنے خواب کے مکاں میں ہم
ہماری جستجو بھی اب تو ہو گئی ہے گرد گرد
کہ نقش پا کو ڈھونڈتے ہیں رہ کے ہر نشاں میں ہم
اشاریت تھی بے زباں تھا لفظ لفظ داستاں
سناتے کس طرح کہ گم تھے خود ہی داستاں میں ہم
برس رہی ہے آسماں سے مثل سنگ تیرگی
کھڑے ہیں کب سے تیری آرزو کے سائباں میں ہم
زمیں کا درد بے بدن بھی ہو کے اپنے دل میں تھا
تبھی تو کھنچ کے آ گئے تھے ورنہ آسماں میں ہم
نفس نفس ہے زندگی کا کاروبار منتشر
دیوالیہ ہوئے کہ جب سے آئے اس جہاں میں ہم
بن کے ساحل کی نگاہوں میں تماشا ہم لوگ (غزل)
بن کے ساحل کی نگاہوں میں تماشا ہم لوگ
نقش پا ڈھونڈ رہے ہیں سر دریا ہم لوگ
سائے چھوٹے تو پگھلنے لگے پھر دھوپ میں جسم
کاش ہوتے نہ کبھی خود سے شناسا ہم لوگ
ہم کو نفرت ہے اندھیروں سے مگر کیا کیجے
کہ اجالوں سے بھی رکھتے نہیں رشتہ ہم لوگ
کچھ نظر آتا نہیں جن میں دھندلکوں کے سوا
کرتے رہتے ہیں انہیں خوابوں کے در وا ہم لوگ
ذہن پر بار ہے آنکھوں کا مقدر ہے تھکن
خواب اگر دیکھتے بھی ہیں تو ادھورا ہم لوگ
اپنی ہی آنکھوں سے گرتے ہوئے دیکھا جس کو
ڈھونڈھتے کیوں اسی دیوار کا سایا ہم لوگ