پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالاحد امجد کی غزلیں — Abdul Ahad Amjad Ghazals

عبدالاحد امجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دن کا سورج ڈوب جائے تو جلا دینا مجھے (غزل)

دن کا سورج ڈوب جائے تو جلا دینا مجھے

صبح جب بیدار ہو لے تو بجھا دینا مجھے

کوئی دم میں جل اٹھوں گا میں سر راہ وفا

تو اگر پاگل ہوا ہے تو بجھا دینا مجھے

آج ملنا ہے مجھے اس غیرت ناہید سے

اے ستارو آج تم اپنی قبا دینا مجھے

اس سے پہلے ہوش میں آئے مری دیوانگی

پتھروں کے شہر کا رستہ بتا دینا مجھے

ہم نوائی کی یہی تو شرط اول ہے احدؔ

جب پکاروں میں تجھے تو بھی صدا دینا مجھے

کئے مجھ پہ وار تو نے کئی پینترے بدل کے (غزل)

کئے مجھ پہ وار تو نے کئی پینترے بدل کے

کہ یہاں سے تو بھی رہنا مرے وار سے سنبھل کے

ترے سر کو میں کچلنے کا ہنر بھی جانتا ہوں

تو جواں ہوا ہے آخر مری آستیں میں پل کے

ذرا زعم آ گیا ہے انہیں آج رہبری کا

جنہیں منزلیں ملی ہیں مرے نقش پا پہ چل کے

کسی موڑ پر جو بچھڑیں تو یہ احتیاط برتیں

مری آنکھ بھی نہ برسے تری آنکھ بھی نہ چھلکے

سر راہ جس کی خاطر میں ہوا ہوں قتل امجدؔ

وہی شخص جا رہا ہے مری لاش کو کچل کے

مزید غزلیں از عبدالاحد امجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں