علمدار حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھر سے پاگل بنا رہی ہے مجھے (غزل)
پھر سے پاگل بنا رہی ہے مجھے
پھر تری یاد آ رہی ہے مجھے
یاد بھی تیری تیرے جیسی ہے
ہر گھڑی آزما رہی ہے مجھے
آ نہ جاؤں کسی فریب میں میں
زندگی پھر بلا رہی ہے مجھے
دل کی دھڑکن سنوں تو لگتا ہے
زندگی گنگنا رہی ہے مجھے
ایک امید اس کے آنے کی
آج پھر گدگدا رہی ہے مجھے
چھوڑ دے میرے حال پر مجھ کو
زندگی کیوں ستا رہی ہے مجھے
رات وہ چاند کب کا ڈوب چکا
اور تو اب بتا رہی ہے مجھے
رات سورج ابھی نہیں نکلا
بے وجہ کیوں جگا رہی ہے مجھے
رات وہ تیری دسترس میں نہیں
خواب جس کے دکھا رہی ہے مجھے
ایک صورت سی واہمے جیسی
تیرگی میں ڈرا رہی ہے مجھے
کھلیں گے جب تلک اسرار کوئی (غزل)
کھلیں گے جب تلک اسرار کوئی
اتر جائے گا دریا پار کوئی
مسیحا دیر ہوتی جا رہی ہے
کہیں مر جائے گا بیمار کوئی
میں ریزہ ریزہ ہوتا جا رہا ہوں
مجھے درکار ہے معمار کوئی
میں شب بھر توڑتا رہتا ہوں اس کو
اٹھا دیتا ہے پھر دیوار کوئی
مجھے مقتل صدائیں دے رہا ہے
کہیں گونجی ہے پھر للکار کوئی
لڑا ہوں جس طرح میں خود سے تنہا
ہوا ہے برسر پیکار کوئی
یہ میرا دیس ہے جنت خدا کی
ہے وارث کوئی دعویدار کوئی
کسی نے قید کر لیں فاختائیں
اٹھا کر لے گیا اشجار کوئی
مرا اک درد یہ بھی ہے کہ میرا
کہانی میں نہیں کردار کوئی
تو کیا میں بھی بناتا دائرے ہی
جو مل جاتی مجھے پرکار کوئی