پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عالم خورشید کی غزلیں — Alam Khursheed Ghazals

عالم خورشید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاتھ پکڑ لے اب بھی تیرا ہو سکتا ہوں میں (غزل)

ہاتھ پکڑ لے اب بھی تیرا ہو سکتا ہوں میں

بھیڑ بہت ہے اس میلے میں کھو سکتا ہوں میں

پیچھے چھوٹے ساتھی مجھ کو یاد آ جاتے ہیں

ورنہ دوڑ میں سب سے آگے ہو سکتا ہوں میں

کب سمجھیں گے جن کی خاطر پھول بچھاتا ہوں

راہ گزر میں کانٹے بھی تو بو سکتا ہوں میں

اک چھوٹا سا بچہ مجھ میں اب تک زندہ ہے

چھوٹی چھوٹی بات پہ اب بھی رو سکتا ہوں میں

سناٹے میں دہشت ہر پل گونجا کرتی ہے

اس جنگل میں چین سے کیسے سو سکتا ہوں میں

سوچ سمجھ کر چٹانوں سے الجھا ہوں ورنہ

بہتی گنگا میں ہاتھوں کو دھو سکتا ہوں میں

ہم کو لطف آتا ہے اب فریب کھانے میں (غزل)

ہم کو لطف آتا ہے اب فریب کھانے میں

آزمائیں لوگوں کو خوب آزمانے میں

دو گھڑی کے ساتھی کو ہم سفر سمجھتے ہیں

کس قدر پرانے ہیں ہم نئے زمانے میں

تیرے پاس آنے میں آدھی عمر گزری ہے

آدھی عمر گزرے گی تجھ سے اوب جانے میں

احتیاط رکھنے کی کوئی حد بھی ہوتی ہے

بھید ہم نے کھولے ہیں بھید کو چھپانے میں

زندگی تماشا ہے اور اس تماشے میں

کھیل ہم بگاڑیں گے کھیل کو بنانے میں

مزید غزلیں از عالم خورشید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں