پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عباس رضوی کی غزلیں — Abbas Rizvi Ghazals

عباس رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گزر گیا وہ زمانہ وہ زخم بھر بھی گئے (غزل)

گزر گیا وہ زمانہ وہ زخم بھر بھی گئے

سفر تمام ہوا اور ہم سفر بھی گئے

اسی نظر کے لئے بے قرار رہتے تھے

اسی نگاہ کی بے تابیوں سے ڈر بھی گئے

ہماری راہ میں سایہ کہیں نہیں تھا مگر

کسی شجر نے پکارا تو ہم ٹھہر بھی گئے

یہ سیل اشک ہے برباد کر کے چھوڑے گا

یہ گھر نہ پاؤ گے دریا اگر اتر بھی گئے

سحر ہوئی تو یہ عقدہ بھی طائروں پہ کھلا

کہ آشیاں ہی نہیں اب کے بال و پر بھی گئے

بہت عزیز تھی یہ زندگی مگر ہم لوگ

کبھی کبھی تو کسی آرزو میں مر بھی گئے

شجر کے ساتھ کوئی برگ زرد بھی نہ رہا

ہوا چلی تو بہاروں کے نوحہ گر بھی گئے

ستارے چاہتے ہیں ماہتاب مانگتے ہیں (غزل)

ستارے چاہتے ہیں ماہتاب مانگتے ہیں

مرے دریچے نئی آب و تاب مانگتے ہیں

وہ خوش خرام جب اس راہ سے گزرتا ہے

تو سنگ و خشت بھی اذن خطاب مانگتے ہیں

کوئی ہوا سے یہ کہہ دے ذرا ٹھہر جائے

کہ رقص کرنے کی مہلت حباب مانگتے ہیں

عجیب ہے یہ تماشا کہ میرے عہد کے لوگ

سوال کرنے سے پہلے جواب مانگتے ہیں

طلب کریں تو یہ آنکھیں بھی ان کو دے دوں میں

مگر یہ لوگ ان آنکھوں کے خواب مانگتے ہیں

یہ احتساب عجب ہے کہ محتسب ہی نہیں

رکاب تھامنے والے حساب مانگتے ہیں

ستون و بام کی دیوار و در کی شرط نہیں

بس ایک گھر ترے خانہ خراب مانگتے ہیں

مزید غزلیں از عباس رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں