عالم فیض آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھوں آنکھوں میں اشارے ہو گئے (غزل)
آنکھوں آنکھوں میں اشارے ہو گئے
ہم تمہارے تم ہمارے ہو گئے
ہم سمجھتے تھے کہ ہو جائیں گے پار
وائے قسمت تیز دھارے ہو گئے
رہتے اوروں کے سہارے کب تلک
خود ہی ہم اپنے سہارے ہو گئے
جب بھی آیا کوئی وقت امتحان
دوست جتنے تھے کنارے ہو گئے
چڑھ کے نظروں میں ہوئے تھے سر بلند
گر کے نظروں سے بچارے ہو گئے
ایک دو کا ذکر کیا عالمؔ یہاں
کتنوں ہی کے وارے نیارے ہو گئے
ہمیں جب سے محبت ہو گئی ہے (غزل)
ہمیں جب سے محبت ہو گئی ہے
عجب سی دل کی حالت ہو گئی ہے
کڑھاتا ہی رہا مجھ کو ہمیشہ
مجھے اس دل سے وحشت ہو گئی ہے
جہاں کا پاس ہے کہتا ہوں اپنا
وگرنہ ان سے نفرت ہو گئی ہے
انہیں پانے کی تھی جو اک تمنا
وہی اب دل کی حسرت ہو گئی ہے
تری سر مستیاں ساقی سلامت
یہ دنیا ایک حیرت ہو گئی ہے
کبھی پر کیف تھی یہ زندگانی
مگر اب اک مصیبت ہو گئی ہے
انہیں حسرت سے دیکھا رات میں نے
یہی مجھ سے شرارت ہو گئی ہے
جسے کہتا ہے عالمؔ اک فسانہ
زمانے کی حقیقت ہو گئی ہے