عباس نقوی بلند شہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لوگ جو حق کے طرفدار ہوا کرتے تھے (غزل)
لوگ جو حق کے طرفدار ہوا کرتے تھے
بس وہی صاحب کردار ہوا کرتے تھے
یہ جو آتے ہیں نظر آپ کو ویران مکاں
ان کے آنگن کبھی گلزار ہوا کرتے تھے
وقت جو بدلے تو حالات بدل جاتے ہیں
ورنہ ہم لوگ زمیں دار ہوا کرتے تھے
یہ جو نفرت کی دکانیں ہیں سجی چاروں طرف
کل یہیں عشق کے بازار ہوا کرتے تھے
جب بھی سنتے تھے کہ مہمان کوئی آئے گا
پھر تو وہ دن نہیں تیوہار ہوا کرتے تھے
رکھا کرتے تھے وہ دکھ اوروں کا اپنے دل میں
وہ قبیلوں کے جو سردار ہوا کرتے تھے
راندۂ قوم فقط ان کو کیا جاتا تھا
اپنی جو قوم کے غدار ہوا کرتے تھے
وقت کیسا بھی ہوا سودا انا کا نہ کیا
سب مرے گاؤں میں خوددار ہوا کرتے تھے
گھر کا ہر فرد ہوا کرتا تھا عزت کا امیں
یوں فرشتوں کے سے معیار ہوا کرتے تھے
آج بن بیٹھے ہیں ایک دوجے کے دشمن ورنہ
پہلے ہمسائے مددگار ہوا کرتے تھے
اب تو عباسؔ بشر ایک بھی سچا نہ ملے
پہلے سچ بولتے اخبار ہوا کرتے تھے
یہ تو بہتر ہے مرے حق میں ہی بہتر نہ ہوا (غزل)
یہ تو بہتر ہے مرے حق میں ہی بہتر نہ ہوا
آج تک جو کہ علاج دل مضطر نہ ہوا
آج بھی رہتا ہے وہ شخص مرے ہی دل میں
میں تو بے گھر سہی پر وہ ہے کہ بے گھر نہ ہوا
سامنا میرا کئی بار کیا اس نے مگر
اس کا قد کم ہی رہا میرے برابر نہ ہوا
میرے اپنے جو عداوت میں اگل دیتے ہیں
زہر وہ آج بھی سانپوں کو میسر نہ ہوا