پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عکس سمستی پوری کی غزلیں — Aks Samastipuri Ghazals

عکس سمستی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس نے یوں راستہ دیا مجھ کو (غزل)

اس نے یوں راستہ دیا مجھ کو

راستے سے ہٹا دیا مجھ کو

دور کرنے کے واسطے خود سے

خود کا ہی واسطہ دیا مجھ کو

موت ہی کچھ سکون دے شاید

زندگی نے تھکا دیا مجھ کو

جب مرے بال و پر شکستہ ہوئے

تب قفس سے اڑا دیا مجھ کو

جس ہوا نے مجھے جلائے رکھا

پھر اسی نے بجھا دیا مجھ کو

اگر جو پیار خطا ہے تو کوئی بات نہیں (غزل)

اگر جو پیار خطا ہے تو کوئی بات نہیں

قضا ہی اس کی سزا ہے تو کوئی بات نہیں

تو صرف میری ہے اس کا غرور ہے مجھ کو

اگر یہ وہم مرا ہے تو کوئی بات نہیں

معاف کرنے کی عادت نہیں ہے ویسے تو

اگر یہ تیر ترا ہے تو کوئی بات نہیں

بنا بدن کے تعلق بچا نہیں سکتے

یہی جو رستہ بچا ہے تو کوئی بات نہیں

ہاں میرے بعد کسی اور کا نہ ہو جانا

تو آج مجھ سے جدا ہے تو کوئی بات نہیں

یہ حقیقت ہے تمہیں یاد نہیں میں لیکن (نظم)

یہ حقیقت ہے تمہیں یاد نہیں میں لیکن

یہ حقیقت تو نہیں پیار نہیں تھا مجھ سے

اب چلو مان لیا یہ بھی حقیقت ہی ہے

کیا حقیقت سے میں انجان رہا اتنے دن

کیسے انجان رہا کیسے خبر ہو نہ سکی

بے خبر خود سے تھا یا تم نے گماں میں رکھا

بے خبر تھا میں اگر خود سے تو آخر کیوں تھا

گر گماں میں رکھا تم نے تو رکھا کیوں آخر

خیر چھوڑو یہ گماں کا بھی سفر اچھا تھا

خیر چھوڑو جو کیا تم نے بہت اچھا کیا

مزید غزلیں از عکس سمستی پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں