پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عباس عراقی کی غزلیں — Abbas Iraqi Ghazals

عباس عراقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کفن باندھے ہوئے سر پر یہاں احرار بیٹھے ہیں (غزل)

کفن باندھے ہوئے سر پر یہاں احرار بیٹھے ہیں

جلا کر اپنے ہاتھوں سے یہ سب گھر بار بیٹھے ہیں

صبا تو چھیڑتی ہے بے سبب اس دل شکستہ کو

کہ جی میں عشق کا ہم تو لیے آزار بیٹھے ہیں

انا معدوم ہے ان کی جو ذلت مول لیتے ہیں

کہ لے کر اپنی عصمت کو سر بازار بیٹھے ہیں

زمانہ ہو گیا شاطر عراقیؔ پاس اپنا رکھ

جنہیں بچنے کا فن آتا ہے وہ ہشیار بیٹھے ہیں

مجھے بے رخی پہ تیری اگر اختیار ہوتا (غزل)

مجھے بے رخی پہ تیری اگر اختیار ہوتا

تو میں بزم سے نہ اٹھتا نہ میں شرمسار ہوتا

یہی آرزو تھی میری ترے در پہ جان دے دوں

تری رہ گزر میں ظالم مرا اک مزار ہوتا

دل ناصبور میں بس یہی اک ہوس ہے باقی

مری زیست کا فسانہ کہیں یادگار ہوتا

جو قفس میں آ گئے ہم کریں غیر چارہ سازی

اے نصیب کوئی اپنا مرا غم گسار ہوتا

میں نہ کھیلتا عراقیؔ کبھی زندگی سے اپنی

تری اس وفا پہ مجھ کو اگر اعتبار ہوتا

مزید غزلیں از عباس عراقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں