عکس فیروزپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جائزہ لیں ہم اگر کیا ہے ہماری زندگی (غزل)
جائزہ لیں ہم اگر کیا ہے ہماری زندگی
ایک ہی عنوان ہوگا اشتہاری زندگی
جب چلی کوئی ہوا اڑتے گئے ہم دور تک
خشک پتوں کی طرح ہم نے گزاری زندگی
چاند کو بانہوں میں بھرنے کی فقط حسرت لیے
دور سے دیکھا کیے لوگوں کی پیاری زندگی
کس قدر بے کار ہے کالا دھواں اڑتا ہوا
یوں سمجھ لو ہم نے بھی یوں ہی گزاری زندگی
ہم رہے صحرا میں جلتے آسماں کے پاس عکسؔ
راکھ کر لی ہے جلا کر ہم نے ساری زندگی
آگ کی لپٹیں ہیں مجھ میں موم کا پتلا ہے تو (غزل)
آگ کی لپٹیں ہیں مجھ میں موم کا پتلا ہے تو
پاس میرے آ رہا ہے کتنا دیوانہ ہے تو
اس پہ کتنے ناگ بھی پھنکارتے ہیں دیکھ لے
جس شجر کے سائے میں آ کر ابھی لیٹا ہے تو
تیرے رخ پر ہیں تھکاوٹ کے جو یہ آثار سے
کیا کوئی لمبا سفر کر کے ابھی لوٹا ہے تو
یہ تغیر کس لئے کیا حادثہ گزرا ہے بول
موم سا تھا نرم اب کیوں سخت پتھر سا ہے تو
دل میں اک پیہم کھٹک ہوتی ہے تیری یاد سے
ساتھ تھا تو پھول تھا بچھڑا تو اک کانٹا ہے تو
دور نو کا جو چلن ہے تو بھی تھوڑا سیکھ لے
بے سبب ہی غیر کی مشکل میں کیوں پڑتا ہے تو
سانپ کا کاٹا ہوا ہوتا تو بچ جاتا مگر
تو نہ بچ پائے گا عکسؔ انسان کا کاٹا ہے تو