عباس کیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق اک امر لا شعوری ہے (غزل)
عشق اک امر لا شعوری ہے
دونوں جانب سے کیا ضروری ہے
سانحہ ہو کہ خوش گوار انجام
خود میں ہر داستاں ادھوری ہے
وہ مرا چاند ہے مگر ہم میں
اک زمیں آسماں کی دوری ہے
کامیابی کا راز جانو ہو
اک ذرا مشق جی حضوری ہے
اک طرف اس کے ناز کا عالم
اک طرف میری ناصبوری ہے
یوں بھی لا تقنطو کی ہے تلقین
مجھ کو امید خود سے پوری ہے
دل نہیں ہے تو جستجو بھی نہیں (غزل)
دل نہیں ہے تو جستجو بھی نہیں
اب کوئی شہر آرزو بھی نہیں
عشق آزاد ہے کشاکش سے
نامہ بر بھی نہیں عدو بھی نہیں
حال و احوال کچھ نہیں معلوم
ایک مدت سے گفتگو بھی نہیں
ہر حوالہ نئی کتاب سے ہے
کوئی ایضاً کوئی ہمو بھی نہیں
مہرباں ہے تو اپنے مطلب سے
ورنہ وہ ایسا نرم خو بھی نہیں
اب بس آنکھوں سے دل نکل آئے
اشک بھی خشک ہیں لہو بھی نہیں
حق و باطل کی بات ہی کیا ہے
تیغ کو ہیبت گلو بھی نہیں
آخر کار کچھ تو ٹوٹے گا
شرط توبہ بھی ہے سبو بھی نہیں