اکرم کنجاہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سن تو سہی شکستگی جس میں بلا کی ہے (غزل)
سن تو سہی شکستگی جس میں بلا کی ہے
وہ بازگشت ساری تو اپنی صدا کی ہے
کس کس کے دل چمن میں لہو رنگ ہیں گلاب
کس کس کی خاک میں ابھی خوشبو وفا کی ہے
یہ بھاگ دوڑ ساری یہ ہنگام صبح و شام
یہ جنگ جس قدر ہے وہ اپنی بقا کی ہے
دشمن کی ہے عطا مرا زخموں کا پیرہن
یہ روح پر جو چوٹ ہے دست وفا کی ہے
موقع ملا تو وار کرے گی یہ باد تند
جلتا ہوا دیا جو علامت ضیا کی ہے
یہ کون ہے جو درد پہ میرے ہے مضطرب
لایا یہ کون حبس میں ٹھنڈک ہوا کی ہے
آنکھوں میں جتنے چاہے سمندر بلا کے رکھ (غزل)
آنکھوں میں جتنے چاہے سمندر بلا کے رکھ
خاک زمیں سے اشک تو اپنے بچا کے رکھ
دے شکل کوئی مٹی کو دست ہنر شناس
کوشش کے چاک پر ابھی خواہش چڑھا کے رکھ
نایاب چاہتوں کا خزانہ ہے خود وہ ذات
ماں کی ہتھیلی چوم کے اس پر کما کے رکھ
محنت سے سب سمیٹ تو دنیا کا سیم و زر
اور سن رسیدہ باپ کے قدموں میں لا کے رکھ
سب کور چشم لوگ ہیں حالت پہ اپنی خوش
یہ عقل کا چراغ یہاں پر بجھا کے رکھ
احساس و فکر کی نہ ہو دھڑکن عذاب جاں
بے جان دل کو ایسا کھلونا بنا کے رکھ
آ دیکھ ہیں قتیل ستم ہائے دوستاں
ترکش میں تیر سارے تو اپنی ادا کے رکھ
معلوم تھا تجھے کہ چراغوں میں دم نہیں
کس نے کہا تھا سامنے ان کو ہوا کے رکھ