پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عباس علوی کی غزلیں — Abbas Alvi Ghazals

عباس علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ تم سے کس نے کہا ہے کہ داستاں نہ کہو (غزل)

یہ تم سے کس نے کہا ہے کہ داستاں نہ کہو

مگر خدا کے لیے اتنا سچ یہاں نہ کہو

یہ کیسی چھت ہے کہ شبنم ٹپک رہی ہے یہاں

یہ آسمان ہے تم اس کو سائباں نہ کہو

رہ حیات میں ناکامیاں ضروری ہیں

یہ تجربہ ہے اسے سعیٔ رائیگاں نہ کہو

مری جبین بتائے گی عظمتیں اس کی

اسے خدا کے لیے سنگ آستاں نہ کہو

یہاں مقیم ہیں ویرانیاں رگ و پے میں

تم اور کچھ بھی کہو اس کو شہر جاں نہ کہو

جہاں جہاں بھی ستمگر ملیں ضرورت ہے

کہ اس مقام کو تم جادۂ اماں نہ کہو

معاشرے کا اثر تو ضرور ہے علویؔ

مری غزل کو زمانے کی داستاں نہ کہو

چشم ظاہر بیں کو ہر اک پیش منظر آشنا (غزل)

چشم ظاہر بیں کو ہر اک پیش منظر آشنا

مل نہیں سکتا تجھے اب مجھ سے بہتر آشنا

ظرف تیرا مجھ پہ روشن ہو گیا ہے اس طرح

جس طرح قطرے سے ہوتا ہے سمندر آشنا

ٹوٹنا تقدیر اس کی توڑنا اس کا خمیر

غیر ممکن ہے نہ ہو شیشے سے پتھر آشنا

ہر طرح کے پھول ہیں دل کی زمیں پر دیکھیے

کس طرح کہہ دوں نہیں سینے سے خنجر آشنا

میں نے چٹانوں پہ گل بوٹے تراشے ہیں بہت

آپ کی نظریں بھی ہوتیں کاش منظر آشنا

جانتا ہوں کون کیا ہے آپ کیوں دیں مشورہ

میں لٹیروں سے بھی واقف اور رہبر آشنا

مزید غزلیں از عباس علوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں