پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عباس علی خاں بیخود کی غزلیں — Abbas Ali Khan Bekhud Ghazals

عباس علی خاں بیخود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی سے عشق کرنا اور اس کو با خبر کرنا (غزل)

کسی سے عشق کرنا اور اس کو با خبر کرنا

ہے اپنے مطلب دشوار کو دشوار تر کرنا

نہیں ہے موت پر کچھ اختیار اے وائے مجبوری

امید مرگ میں مشکل بسر کرنا مگر کرنا

جو پر تھے مایۂ پرواز میں وجہ گرانباری

غرور بال و پر کرنا تو مجھ کو دیکھ کر کرنا

جفا کر شوق سے تو ضبط پر میرے نہ جا ہرگز

شکایت کیا مجھے یہ کام ہے جب عمر بھر کرنا

جفا ان کی وفا پرور وفا میری جفا پرور

وہ ان کو عمر بھر کرنا یہ مجھ کو عمر بھر کرنا

سر رہ پوچھتے ہیں حال کیا کہیے کہ مشکل ہے

بیان درد دل کرنا اور اس کو مختصر کرنا

توجہ چارہ گر کی باعث تکلیف ہے بیخودؔ

اضافہ ہے مصیبت میں دواؤں کا اثر کرنا

غیر کے ساتھ کبھی ذکر ہمارا نہ کریں (غزل)

غیر کے ساتھ کبھی ذکر ہمارا نہ کریں

ہم کو بد نام کریں عشق کو رسوا نہ کریں

دل یہ کہتا ہے مقدر ہے پریشاں رہنا

عقل کہتی ہے کہ ہم زلف کا سودا نہ کریں

کیا ضرورت ہے بلا ان کی سنوارے گیسو

اک نظر دیکھ لیں جس کو اسے دیوانہ کریں

کیا نہیں جانتے ہم رنگ تلون ان کا

مہرباں پائیں بھی تو عرض تمنا نہ کریں

بیخودؔ زار کو اب دیکھ کے جھک جاتی ہیں

وہ نگاہیں جو کبھی پاس کسی کا نہ کریں

مزید غزلیں از عباس علی خاں بیخود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں