پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکمل امام کی غزلیں — Akmal Imaam Ghazals

اکمل امام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کمان چھوڑ گئے بے نظیر جتنے تھے (غزل)

کمان چھوڑ گئے بے نظیر جتنے تھے

لگے ہیں ٹھیک نشانے پہ تیر جتنے تھے

فساد روکنے کم ظرف لوگ پہنچے ہیں

گھروں میں رہ گئے روشن ضمیر جتنے تھے

انہیں جلا دیا سنجیدگی کے سورج نے

ہمارے عہد کے بچے شریر جتنے تھے

تھکن اتار رہے تھے نئے سفر کے لئے

سفر سے آئے ہوئے راہگیر جتنے تھے

مرے بیان پہ احساس ہو گئے زخمی

اگر بچے ہیں تو بس بے ضمیر جتنے تھے

بڑی لکیر برابر میں کھینچ آیا تھا

ملے ہیں ہم سے بھی چھوٹی لکیر جتنے تھے

قدم ہی رک گئے اکملؔ بس ایک فائر پر

فرار ہو گئے ہوتے اسیر جتنے تھے

پیار عشق ہمدردی اور دوستی سازش (غزل)

پیار عشق ہمدردی اور دوستی سازش

میرے ساتھ ہوتی ہے روز اک نئی سازش

آنے والے لمحوں کے ہم مزاج داں ٹھہرے

کیسے کر سکے گی پھر ہم سے زندگی سازش

وہ خود اعتمادی کا آئنہ رہا ہوگا

ورنہ ایک مدت تک منتظر رہی سازش

لے چلی ہیں ساحل پر مجھ کو سرپھری موجیں

جیسے یہ بھی طوفاں کی ہو کوئی نئی سازش

میں گھنے اندھیروں کا سایہ ساتھ رکھتا ہوں

میرے ساتھ کر جائے اور روشنی سازش

اس کی اپنی چالوں نے اس پہ وار کر ڈالا

وقت کے بدلتے ہی رخ بدل گئی سازش

اکملؔ آج کا انساں کتنا بے تحمل ہے

دل میں کچھ خلش ابھری اور داغ دی سازش

مزید غزلیں از اکمل امام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں