عازم کوہلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری یادیں بھلا تم کس طرح دل سے مٹاؤ گے (غزل)
مری یادیں بھلا تم کس طرح دل سے مٹاؤ گے
بھلا کر تو ذرا دیکھو مجھے کیسے بھلاؤ گے
محبت کرنے والے درد میں تنہا نہیں ہوتے
جو روٹھو گے کبھی مجھ سے تو اپنا دل دکھاؤ گے
کرو گے یاد تم گزرے زمانوں کی سبھی باتیں
کبھی اترا کے ہنس دو گے کبھی آنسو بہاؤ گے
گزر جاتے ہیں جو لمحے کبھی واپس نہیں آتے
تو بیتے پل محبت کے کہاں سے لے کے آؤ گے
جدا اپنوں سے ہو کر ٹوٹ جاتا ہے کوئی کیسے
جو بچھڑو گے کبھی مجھ سے تو خود ہی جان جاؤ گے
بڑھا لو گے اگر تم فاصلے مجھ سے کبھی عازمؔ
تو روداد دل ناشاد پھر کس کو سناؤ گے
دور ہے منزل تو کیا رستہ تو ہے (غزل)
دور ہے منزل تو کیا رستہ تو ہے
اک نظر اس نے مجھے دیکھا تو ہے
چاند ہاتھوں میں نہیں تو کیا ہوا
آسماں پر ہی سہی دکھتا تو ہے
خوش اگر غیروں میں ہے تو خوش رہے
وہ کہیں بھی ہو چلو اچھا تو ہے
کچھ نہیں ہے اور تو غم ہی سہی
اس بھری دنیا میں کچھ اپنا تو ہے
آج وہ یوں ہی نہیں مجھ سے خفا
کچھ گلہ تو ہے کوئی شکوا تو ہے
کیا بھروسہ اس کے وعدے کا مگر
دل کے خوش رکھنے کو اک وعدہ تو ہے
اس نے رکھا ہے تکلف کا بھرم
اب عداوت پر کوئی پردہ تو ہے
آ رہا ہے وہ بھی آخر راہ پر
سن کے میرا ذکر کچھ کہتا تو ہے
دل نہیں عازمؔ چلو جاں ہی سہی
خیر اس نے مجھ سے کچھ مانگا تو ہے
وفا اور عشق کے رشتے بڑے خوش رنگ ہوتے ہیں (نظم)
وفا اور عشق کے رشتے بڑے خوش رنگ ہوتے ہیں
ادائیں دل کشا ان کی رسیلے ڈھنگ ہوتے ہیں
کسی موسم کسی رت میں کسی بھی شاخ پر اکثر
یہ ننھی کونپلیں بن کر چمن آباد کرتے ہیں
سکوں دیتے ہیں ذہنوں کو دلوں کو شاد کرتے ہیں
خدا جانے یہ پروانے یہ مستانے یہ دیوانے
مروت کی محبت کی عبادت کی بلندی سے
کسے آواز دیتے ہیں کسے رہ رہ کے تکتے ہیں
یہ ناامید ہو کر بھی کبھی منکر نہیں ہوتے
یہ کس کی جستجو میں پست ہوتے ہیں نہ تھکتے ہیں
یہ رہ رہ کر دور بھی اک دوسرے کے سنگ ہوتے ہیں