عازم گروندر سنگھ کوہلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی صورت نہیں ملتی کبھی سیرت نہیں ملتی (غزل)
کبھی صورت نہیں ملتی کبھی سیرت نہیں ملتی
یہاں انسان سے انسان کی فطرت نہیں ملتی
نصیبہ نے ہی بخشا ہے ہر اک کو اس کے حصے کا
یہاں اک باپ کے بیٹوں کی بھی قسمت نہیں ملتی
کرم مولا کرے تو آدمی بے لوث ہوتا ہے
نہ ہو اس کی اگر رحمت تو یہ طاقت نہیں ملتی
وہ دنیا میں بھی رہتے ہیں تو ہو کر خود سے بیگانے
جنہیں اپنے گناہوں سے کبھی فرصت نہیں ملتی
اثر اک سا ہے ہم دونوں پہ واعظ اس موئی مے کا
وگرنہ تیری میری اک بھی تو عادت نہیں ملتی
کہاں آدم نکلتا خلد سے اتنا تو سوچو تم
اگر حوا کی جانب سے اسے دعوت نہیں ملتی
جو تیرے در پہ اے مولا نہ عازمؔ یوں دعا کرتا
اسے جنت نہیں ملتی تجھے شہرت نہیں ملتی
زندگی تو بھی بے وفا نکلی (غزل)
زندگی تو بھی بے وفا نکلی
کیا سمجھتے تھے اور کیا نکلی
گھر کے دیوار و در بھی کانپ گئے
دل کے گوشے سے جب صدا نکلی
رو پڑی وہ ہوئی اداس بہت
میرے آنگن سے جب صبا نکلی
تار نازک تھے دل کے ٹوٹ گئے
چھیڑ کر جب وہ دل ربا نکلی
ہم عنایت جسے سمجھ کے چلے
وہ بھی آخر کڑی سزا نکلی
دوستوں نے کئے کرم ہم پر
ہر دعا ان کی بد دعا نکلی
جس بلا سے ہمیشہ بچ کے چلے
موڑ پر ہر گلی کے آ نکلی
جس کو نیکی سمجھ کے تو خوش تھا
وہ بھی عازمؔ تری خطا نکلی