پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکمل گداز کی غزلیں — Akmal Gudaaz Ghazals

اکمل گداز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گئے دنوں کی دھند میں رفاقتیں ہوا ہوئیں (غزل)

گئے دنوں کی دھند میں رفاقتیں ہوا ہوئیں

وفا شعار حیف ہو محبتیں ہوا ہوئیں

یہ دوستی یہ دشمنی تمام تر فضول تھیں

ذرا ہوا پھری کہ ساری حسرتیں ہوا ہوئیں

کچھ اس طرح سے بے دلی اتر گئی وجود میں

کہ ایک ایک کر کے دل سے حاجتیں ہوا ہوئیں

یہ تیرے حسن بے مثال کا اثر ہے جاں ستاں

کنار لب پہ پہنچ کر شکایتیں ہوا ہوئیں

گداز جن سے زندگی کی رونقیں بحال تھیں

سو وقت کے بہاؤ میں وہ صورتیں ہوا ہوئیں

بدن پر گناہوں کا بار گراں ہے یہ کیسا ستم ہے (غزل)

بدن پر گناہوں کا بار گراں ہے یہ کیسا ستم ہے

نہ آنکھوں میں آنسو نہ لب پر فغاں ہے یہ کیسا ستم ہے

جنوں زاد کس سے مداوائے کرب محبت کرے اب

کہ چرخ کہن خود ہی نوحہ کناں ہے یہ کیسا ستم ہے

مزاج درون دل سوختہ آپ کیا پوچھتے ہیں

رگ و پے سے اٹھتا دھواں ہی دھواں ہے یہ کیسا ستم ہے

وہ بوڑھا تو دام اجل سے سلامت نہیں بچ سکا پر

یہ بوڑھی تو اندر سے اب بھی جواں ہے یہ کیسا ستم ہے

فسانے محبت کے ہر دم فنا ہو رہے ہیں کہ اکملؔ

مسلسل تحیر کی زد میں زماں ہے یہ کیسا ستم ہے

زلیخا اب ترے بالوں میں (نظم)

زلیخا اب ترے بالوں میں

چاندی چھا گئی ہے

وہ چہرہ

جس پر اہل مصر کی نظریں پھسلتی تھیں

مگر

اب تو شکن آلود چہرہ ہے

وہ قصر عالی جاہ

جو لعل و جواہر سے مزین تھا

دروں پر ریشم و اطلس کے پردے

اور دیواروں پر منقش پھول بوٹے تھے

وہ خلوت گاہ

جو عود و گل و ریحان و عنبر سے معطر تھی

ملائم گاؤ تکیے اور ململ کے بچھونے تھے

زلیخا اب کہاں وہ حشمت و شوکت

کہاں وہ ناز برداری و رعنائی

کہاں یہ بے سر و سامانی و محتاجی

زلیخا

اب کہاں ویران بستی میں

کوئی ماہ کنعان نکلے

کہ جس کی ضو سے تیرا ظاہر و باطن منور ہو

اب فریب خواب و خواہش سے

فریب عشق و مستی سے

فریب حسن یوسف سے

فریب زندگانی سے

نکل آؤ نکل آؤ نکل آؤ

زلیخا اب ترے بالوں میں چاندی چھا گئی ہے

مزید غزلیں از اکمل گداز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں