پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اعظم خورشید کی غزلیں — Aazam Khursheed Ghazals

اعظم خورشید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے ہونٹوں پہ سجا ہے کیا ہے (غزل)

تیرے ہونٹوں پہ سجا ہے کیا ہے

تیرا ہر رنگ دعا ہے کیا ہے

تیرے آنگن میں لٹا ہے کیا ہے

وہ بھی بارش میں کھلا ہے کیا ہے

رنگ چڑھتے ہیں اتر جاتے ہیں

موسم ہجر پتہ ہے کیا ہے

لوگ الفاظ بدل لیتے ہیں

اور چہروں پہ لکھا ہے کیا ہے

اپنی برباد نگاہی کے ستم

ایک در اور کھلا ہے کیا ہے

میرے ہاتھوں کی لکیروں پہ نہ جا

تو نے خود ہی تو لکھا ہے کیا ہے

خود سے ملتا ہوں بچھڑ جاتا ہوں

خواب زنجیر ہوا ہے کیا ہے

ندیاں خشک ہوئی جاتی ہیں

کوئی اس پار کھڑا ہے کیا ہے

میری آنکھوں سے قیامت برسے

جو بھی کچھ تو نے دیا ہے کیا ہے

اپنے وقتوں کی زباں بولتا ہوں

پھر یہ بازار لگا ہے کیا ہے

میری بستی میں اداسی کیسی

شہر کی سمت چلا ہے کیا ہے

کتنی خوش پوش فضا ہے خورشیدؔ

تیری آنکھوں کا نشہ ہے کیا ہے

کس سے دل بہلاؤں میں (غزل)

کس سے دل بہلاؤں میں

کس کے ناز اٹھاؤں میں

نیند بھری ان آنکھوں میں

خواب کہاں سے لاؤں میں

میری باتیں تیری ہیں

کون سی بات چھپاؤں میں

شہر نے پوچھا گاؤں کا

اس کو کیا بتلاؤں میں

راہ میں کیسے دیر ہوئی

کس کس کو سمجھاؤں میں

صحرا صحرا بارش ہے

دھوپ کدھر سے لاؤں میں

دونوں ایک ہی ذات میں گم تھے (نظم)

دونوں ایک ہی ذات میں گم تھے

باتیں کرتے ہنستے کھیلتے

چلتے چلتے اک دوجے کو

دیکھ بھی لیتے

آب و ہوا اور مٹی ایک

ایک اٹھان

دونوں اپنے وقتوں کی آواز بنے تھے

دھن دریچے چہرہ مہرہ

ایک تھا ان کا

ایک سی رنگت ایک ہی رنگ میں رنگے ہوئے تھے

پھر بھی دونوں الگ الگ تھے

مزید غزلیں از اعظم خورشید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں