پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر وارثی کی غزلیں — Akhtar Warsi Ghazals

اختر وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تعریف کیا کروں میں تمہارے شباب کی (غزل)

تعریف کیا کروں میں تمہارے شباب کی

دنیا نے داد دی ہے مرے انتخاب کی

تربت پہ میری آ کے وہ روتے ہیں بار بار

بیجا خلوص نے مری مٹی خراب کی

دیکھا جو اک نظر تو قدم ڈگمگا گئے

اک موج ہے وہ سر سے قدم تک شراب کی

کیا بات ہے جو رنگ حیا ہے اڑا ہوا

صورت کھنچی ہے کس لیے عالی جناب کی

اخترؔ چمن میں گرم ہوا خود سری کے ساتھ

دے کر گئی ہے مجھ کو خبر انقلاب کی

نگاہ ناز ہم پر مہرباں ہے (غزل)

نگاہ ناز ہم پر مہرباں ہے

کہاں ہے گردش دوراں کہاں ہے

مرا ہر ایک سجدہ رائیگاں ہے

ترا دل ہے کہ سنگ آستاں ہے

زمانہ جتنا جی چاہے ستا لے

محبت نا سمجھ ہے بے زباں ہے

ابھی منزل کے افسانے نہ چھیڑو

ابھی رستے میں دل کا کارواں ہے

ادھر وہ مائل لطف و کرم ہیں

ادھر مشکل میں جان ناتواں ہے

محبت راس کیا آئے گی اخترؔ

یہ ظالم کب کسی پر مہرباں ہے

مزید غزلیں از اختر وارثی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں