اختر واجدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پہلے انداز گفتگو آئے (غزل)
پہلے انداز گفتگو آئے
پھر کوئی ان کے روبرو آئے
تیری یاد آئی اس طرح اے دوست
تیری زلفوں کی جیسے بو آئے
مجھ کو بے ساختہ ہنسی آئی
حادثے جب بھی روبرو آئے
جل رہے ہیں چراغ پلکوں پر
ایسے عالم میں کاش تو آئے
ڈھونڈنے تجھ کو تیرے کوچے میں
کتنے ہی اہل جستجو آئے
پاکیٔ ذہن و دل ہی سب کچھ ہے
ویسے کتنے ہی با وضو آئے
بے غرض تیرے در پہ کون آیا
سب اسیران آرزو آئے
مل گئی ہے نگاہ ساقی سے
دور میں ساغر و سبو آئے
ڈوب کر تیری یاد میں اخترؔ
ہر بلندی کو ہم بھی چھو آئے
منظر شام الم بھی نہیں دیکھے جاتے (غزل)
منظر شام الم بھی نہیں دیکھے جاتے
کیا ستم ہے کہ ستم بھی نہیں دیکھے جاتے
اہل غم اپنی طبیعت سے ہیں مجبور بہت
تیرے انداز کرم بھی نہیں دیکھے جاتے
اتنی عجلت سے جبیں جھکتی ہے سجدے کے لئے
آنکھ سے نقش قدم بھی نہیں دیکھے جاتے
کم نگاہی بھی مصیبت ہے شریفوں کے لئے
بند مٹھی کے بھرم بھی نہیں دیکھے جاتے
تبصرہ کرتے ہیں کیوں لوگ مری حالت پر
جانے کیوں ان کے کرم بھی نہیں دیکھے جاتے
ان کی منزل کی طرف بڑھتے ہیں جس دم اخترؔ
راہ میں دیر و حرم بھی نہیں دیکھے جاتے