آتش بہاولپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے ان سے محبت ہو گئی ہے (غزل)
مجھے ان سے محبت ہو گئی ہے
میری بھی کوئی قیمت ہو گئی ہے
وہ جب سے ملتفت مجھ سے ہوئے ہیں
یہ دنیا خوب صورت ہو گئی ہے
چڑھایا جا رہا ہوں دار پر میں
بیاں مجھ سے حقیقت ہو گئی ہے
رواں دریا ہیں انسانی لہو کے
مگر پانی کی قلت ہو گئی ہے
مجھے بھی اک ستم گر کے کرم سے
ستم سہنے کی عادت ہو گئی ہے
حقیقت یہ ہے ہم کیا اٹھ گئے ہیں
وفا دنیا سے رخصت ہو گئی ہے
غم جاناں میں جب سے مبتلا ہوں
غم دوراں سے فرصت ہو گئی ہے
اب ان کی کفر سامانی بھی آتشؔ
دل و جاں پر عبارت ہو گئی ہے
حرف شکوہ نہ لب پہ لاؤ تم (غزل)
حرف شکوہ نہ لب پہ لاؤ تم
زخم کھا کر بھی مسکراؤ تم
اپنے حق کے لیے لڑو بے شک
دوسروں کا نہ حق دباؤ تم
سب اسے دل لگی سمجھتے ہیں
اب کسی سے نہ دل لگاؤ تم
مصلحت کا یہی تقاضا ہے
وہ نہ مانیں تو مان جاؤ تم
اپنا سایہ بھی اب نہیں اپنا
اپنے سائے سے خوف کھاؤ تم
موت منڈلا رہی ہے شہروں پر
جا کے صحرا میں گھر بناؤ تم
دوستوں کو تو خوب دیکھ چکے
دشمنوں کو بھی آزماؤ تم
راستی پہ مدار ہو جس کا
اب نہ وہ بات لب پہ لاؤ تم
جو بھلا مانگتے تھے سر بت کا
ان بزرگوں کو پھر بلاؤ تم