پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر عثمان کی غزلیں — Akhtar Usman Ghazals

اختر عثمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک رنج بہ پیرایۂ زر کیوں نہیں جاتا (غزل)

اک رنج بہ پیرایۂ زر کیوں نہیں جاتا

کشکول ہوس ہے تو یہ بھر کیوں نہیں جاتا

وہ آئنہ رو ہے تو مرا روپ دکھائے

میں اس کے مقابل ہوں سنور کیوں نہیں جاتا

دریا کا تلاطم تو بہت دن کی کتھا ہے

لیکن مرے اندر کا بھنور کیوں نہیں جاتا

کہتے ہو کہ ہو اسوۂ شبیر پہ قائم

دربار میں کیوں جاتے ہو سر کیوں نہیں جاتا

جب روح سے کہتے ہو کہ لبیک حسینا

پھر جی سے یزیدوں کا یہ ڈر کیوں نہیں جاتا

تم صاحب معنیٰ ہو تو تمثال پہ مت جاؤ

الزام کبھی آئنے پر کیوں نہیں جاتا

لو شام گئی رات ہے کابوس ہے میں ہوں

میں صبح کا بھولا ہوں تو گھر کیوں نہیں جاتا

ہر سنگ دعا مجھ کو لگا پھول سے بڑھ کر

جب اتنی دعائیں ہیں تو مر کیوں نہیں جاتا

اخترؔ تری گفتار فسوں کار میں کیا ہے

جو بھی ادھر آتا ہے ادھر کیوں نہیں جاتا

ابھی تو پر بھی نہیں تولتا اڑان کو میں (غزل)

ابھی تو پر بھی نہیں تولتا اڑان کو میں

بلا جواز کھٹکتا ہوں آسمان کو میں

مفاہمت نہ سکھا دشمنوں سے اے سالار

تری طرف نہ کہیں موڑ دوں کمان کو میں

مری طلب کی کوئی چیز شش جہت میں نہیں

ہزار چھان چکا ہوں تری دکان کو میں

نہیں قبول مجھے کوئی بھی نئی ہجرت

کٹاؤں کیوں کسی بلوے میں خاندان کو میں

تجھے نخیل فلک سے پٹخ نہ دوں آخر

ترے سمیت گرا ہی نہ دوں مچان کو میں

یہ کائنات مرے سامنے ہے مثل بساط

کہیں جنوں میں الٹ دوں نہ اس جہان کو میں

جسے پہنچ نہیں سکتا فلاسفہ کا شعور

یقیں کے ساتھ ملاتا ہوں اس گمان کو میں

میں عجب آدمی ہوں (نظم)

میں عجب آدمی ہوں

رائیگانی کے تسلسل نے مجھے توڑ دیا

میری پونجی مرے قرطاس و قلم

کچھ کتابیں پئے تسکین جنوں

کون طالب ہے بھلا مایۂ بے مایہ کا

کوئی جاگیر نہیں

زندگی شعر کے میلے میں گنوا دی میں نے

اس پہ نازاں تھا کہ ہر لفظ مرے

حلقۂ احساس میں ہے

اس پہ فاخر تھا کہ ہیں خواب

مرے کیسے میں

میں نے کیا کیا نہ فن شعر کی آرائش کی

لفظ در لفظ محل

حرف در حرف خیال

سطر در سطر جنوں

مزید غزلیں از اختر عثمان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں