عاطف وحید یاسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گفتگو کرنے لگے ریت کے انبار کے ساتھ (غزل)
گفتگو کرنے لگے ریت کے انبار کے ساتھ
دوستی ہو گئی آخر مری اشجار کے ساتھ
عشق جیسے کہیں چھونے سے بھی لگ جاتا ہو
کون بیٹھے گا بھلا آپ کے بیمار کے ساتھ
صاحبو مجھ کو ابھی رقص نہیں آتا ہے
جھوم لیتا ہوں فقط شام کے آثار کے ساتھ
یار کچھ بول مجھے کچھ تو یقیں آ جائے
میں تجھے دیکھتا ہوں دیدۂ بیدار کے ساتھ
صف سے نکلا مرا سالار رجز پڑھتے ہوئے
اور پھر میری طرف چل پڑا اغیار کے ساتھ
تری دوستی کا کمال تھا مجھے خوف تھا نہ ملال تھا (غزل)
تری دوستی کا کمال تھا مجھے خوف تھا نہ ملال تھا
مرا روم روم تھا حیرتی مرا دل بھی محو دھمال تھا
کوئی شاخ گریہ لپٹ گئی مرے سوکھتے ہوئے جسم سے
میں خزاں کی رت میں ہرا ہوا یہ ''درود'' ہی میں کمال تھا
ابھی ریگ دشت پہ ثبت ہیں سبھی نقش میرے سجود کے
وہ جو معرکے کا سبب ہوا وہی حرف حق مری ڈھال تھا
مری راکھ میں تھیں کہیں کہیں میرے ایک خواب کی کرچیاں
میرے جسم و جاں میں چھپا ہوا تری قربتوں کا خیال تھا
انہی حیرتوں میں بسر ہوئی نہ خبر ہوئی کہ سحر ہوئی
یہ تمام عرصۂ زندگی کہ محیط شام وصال تھا