اختر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ جوانی تو جوانی ہی نہیں (غزل)
وہ جوانی تو جوانی ہی نہیں
جس کی ہو کوئی کہانی ہی نہیں
درد کوئی بیکرانی ہی نہیں
بارے تیری مہربانی ہی نہیں
میں سمجھتا تھا ہے غیرت مند وہ
اس کی تو آنکھوں میں پانی ہی نہیں
شادی و غم کا نہ گر ہو امتزاج
زندگانی زندگانی ہی نہیں
ہر کوئی مرتا ہے اپنے وقت پر
موت ہوتی ناگہانی ہی نہیں
اے دل برباد اب میں کیا کروں
بات میری تو نے مانی ہی نہیں
آج کل کی شاعری کیا شاعری
شعر موزوں ہے معانی ہی نہیں
میں تو وہ کہتا ہوں اخترؔ جو ہے حق
مجھ کو آتی لن ترانی ہی نہیں
تیرا ہر راز چھپائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی (غزل)
تیرا ہر راز چھپائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی
خود کو دیوانہ بنائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی
ساقیٔ بزم کے مخصوص اشاروں کی قسم
جام ہونٹوں سے لگائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی
اس نمائش گہہ عالم میں کمی ہے اب تک
اشک آنکھوں میں چھپائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی
شب کی دیوی کا سکوت اور ہی کچھ کہتا ہے
پھر بھی دو شمعیں جلائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی
میری اک آرزوئے دید کا اعجاز نہ پوچھ
منہ کو ہاتھوں سے چھپائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی
یاد بھی تیری اک آزار مسلسل ہے مگر
اپنے سینے سے لگائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی
ہم کو معلوم ہے اخترؔ کہ ہماری خاطر
ایک عالم کو بھلائے ہوئے بیٹھا ہے کوئی