آسناتھ کنول کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انتہا ہونے سے پہلے سوچ لے (غزل)
انتہا ہونے سے پہلے سوچ لے
بے وفا ہونے سے پہلے سوچ لے
بندگی مجھ کو تو راس آ جائے گی
تو خدا ہونے سے پہلے سوچ لے
کاسۂ ہمت نہ خالی ہو کبھی
تو گدا ہونے سے پہلے سوچ لے
یہ محبت عمر بھر کا روگ ہے
مبتلا ہونے سے پہلے سوچ لے
بچ رہے کچھ تیرے میرے درمیاں
فاصلہ ہونے سے پہلے سوچ لے
زندگی اک ساز ہے لیکن کنولؔ
بے صدا ہونے سے پہلے سوچ لے
کبھی پکار کے دیکھا کبھی بلائے تو (غزل)
کبھی پکار کے دیکھا کبھی بلائے تو
حدود ذات سے آگے نکل کے آئے تو
پلا رہا ہے نگاہوں کو تیرگی کا لہو
فصیل جاں پہ وہ کوئی دیا جلائے تو
سجائے رکھوں گی اپنے گمان کی دنیا
مرے یقین کی منزل پہ کوئی آئے تو
یہ آنکھیں نیند کو ترسی ہوئی ہیں مدت سے
وہ خواب زار شبستاں کوئی دکھائے تو
غرور عشق کے آداب سیکھ جائے گا
کبھی وہ روٹھ کے دیکھے کبھی منائے تو
ہوا کی چاپ میں شامل ہیں آہٹیں اس کی
سلیقہ دل کو دھڑکنے کا بھی سکھائے تو
درد کے گہرے سناٹے میں (نظم)
درد کے گہرے سناٹے میں
قریۂ جاں کے
بند کواڑ پہ دستک دے کر
ہلکی سی سرگوشی کر کے
کوئی تو پوچھے
اب تک زندہ رہنے والو
ہجر کے گہرے سناٹوں میں
اپنے آپ سے بچھڑے لوگو
کیسے زندہ رہ لیتے ہو