پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر شمار کی غزلیں — Akhtar Shumar Ghazals

اختر شمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کے نزدیک غم ترک وفا کچھ بھی نہیں (غزل)

اس کے نزدیک غم ترک وفا کچھ بھی نہیں

مطمئن ایسا ہے وہ جیسے ہوا کچھ بھی نہیں

اب تو ہاتھوں سے لکیریں بھی مٹی جاتی ہیں

اس کو کھو کر تو مرے پاس رہا کچھ بھی نہیں

چار دن رہ گئے میلے میں مگر اب کے بھی

اس نے آنے کے لیے خط میں لکھا کچھ بھی نہیں

کل بچھڑنا ہے تو پھر عہد وفا سوچ کے باندھ

ابھی آغاز محبت ہے گیا کچھ بھی نہیں

میں تو اس واسطے چپ ہوں کہ تماشا نہ بنے

تو سمجھتا ہے مجھے تجھ سے گلا کچھ بھی نہیں

اے شمارؔ آنکھیں اسی طرح بچھائے رکھنا

جانے کس وقت وہ آ جائے پتا کچھ بھی نہیں

لرز اٹھا ہے مرے دل میں کیوں نہ جانے دیا (غزل)

لرز اٹھا ہے مرے دل میں کیوں نہ جانے دیا

ترا پیام تو خاموش سی ہوا نے دیا

جلا رہا تھا مجھے میں نے بھی جلانے دیا

اجالا اس نے دیا بھی تو کس بہانے دیا

ابھی کچھ اور ٹھہر جاتا میرے کہنے پر

وہ جانے والا تھا خود ہی سو میں نے جانے دیا

وہ اپنی سیر کے قصے مجھے سناتا رہا

مجھے تو حال دل اس نے کہاں سنانے دیا

میں شکر اس کا نہ کیسے ادا کروں جاناں

شعور مجھ کو محبت کا جس خدا نے دیا

کرم کے پل میں یہ روشن ہوا بحمداللہ

نہیں بجھے گا مرا تجھ سے اے زمانے دیا

شمارؔ سامنے اس کے بھی گفتگو کے وقت

جو رنگ چہرے پہ آیا تھا میں نے آنے دیا

ہم بھی مرتے جا رہے ہیں (نظم)

ہم بھی مرتے جا رہے ہیں

بعد تیرے

ہم دکھوں کے

آنسوؤں کے باد و باراں میں

نہتے دل کے ساتھ

بے پناہی راستوں پر

پاؤں دھرتے جا رہے ہیں

دن گزرتے جا رہے ہیں

لمحہ لمحہ خوف کے مارے ہوئے

رات دن کے وسوسوں میں

کیا خبر کیا بیت جائے اگلے پل

اس سفر میں ذہن سوچوں کے تھپیڑوں

سے ہے شل

اور ہم خود ہی سے ڈرتے جا رہے ہیں