پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عاطف کمال رانا کی غزلیں — Aatif Kamal Rana Ghazals

عاطف کمال رانا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہیں گلا ہی سہی ہم تماشہ کرتے ہیں (غزل)

تمہیں گلا ہی سہی ہم تماشہ کرتے ہیں

مگر یہ لوگ بھی کیا کم تماشہ کرتے ہیں

دکھائی دیتے نہیں اولاً مرے درویش

کہیں ملیں تو بہ رقصم تماشہ کرتے ہیں

یہ خاص بھیڑ ہے مرحوم بادشاہوں کی

یہاں سکندر آعظم تماشہ کرتے ہیں

شریک کار عبادت نہیں رہے کہ یہ لوگ

درون مجلس ماتم تماشہ کرتے ہیں

بس ایک پاؤں تھرکتا ہے رات دن مجھ میں

چہار سو کئی عالم تماشہ کرتے ہیں

کھلا ہے آج بھی اس خانقاہ عشق کا در

ملنگ آج بھی پیہم تماشہ کرتے ہیں

طیور دیکھنے آتے ہیں میری ایک جھلک

ہزار برگد و شیشم تماشہ کرتے ہیں

یہ شہر مجمع خالی سے گر نہیں ہے خوش

تو آؤ مل کے عزیزم تماشہ کرتے ہیں

کچھ ایسے لوگ ہیں میرے بھی ملنے والے لوگ

جو بر جنازہ و چہلم تماشہ کرتے ہیں

اتنا ہی بہت ہے کہ یہ بارود ہے مجھ میں (غزل)

اتنا ہی بہت ہے کہ یہ بارود ہے مجھ میں

انگارہ نما شخص بھی موجود ہے مجھ میں

پوروں سے نکل آئی ہے اک برف کی ٹہنی

اے دوست یہی آتش نمرود ہے مجھ میں

ہر گیند کے پیچھے کوئی آتا ہے ہمیشہ

یہ کون سے بچے کی اچھل کود ہے مجھ میں

گالی نہیں اچھی تو تمہیں پیش کروں کیا

اک اور بھی جملہ سخن آلود ہے مجھ میں

میں دیکھتا رہتا ہوں کہ وہ کھڑکی ہے خالی

تا حال یہی رونق بے سود ہے مجھ میں

یوں ہی تو نہیں لوگ گزرتے مرے دل سے

لگتا ہے کوئی منزل مقصود ہے مجھ میں

مزید غزلیں از عاطف کمال رانا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں