پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر رضا سلیمی کی غزلیں — Akhtar Razaa Saleemi Ghazals

اختر رضا سلیمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ بھی کیا دن تھے کیا زمانے تھے (غزل)

وہ بھی کیا دن تھے کیا زمانے تھے

روز اک خواب دیکھ لیتے تھے

اب زمیں بھی جگہ نہیں دیتی

ہم کبھی آسماں پہ رہتے تھے

آخرش خود تک آن پہنچے ہیں

جو تری جستجو میں نکلے تھے

خواب گلیوں میں پھر رہے تھے اور

لوگ اپنے گھروں میں سوئے تھے

ہم کہیں دور تھے بہت ہی دور

اور ترے آس پاس بیٹھے تھے

وہ حسن سبز جو اترا نہیں ہے ڈالی پر (غزل)

وہ حسن سبز جو اترا نہیں ہے ڈالی پر

فریفتہ ہے کسی پھول چننے والی پر

میں ہل چلاتے ہوئے جس کو سوچا کرتا تھا

اسی کی گندمی رنگت ہے بالی بالی پر

یہ لوگ سیر کو نکلے ہیں سو بہت خوش ہیں

میں دل گرفتہ ہوں سبزے کی پائمالی پر

اک اور رنگ ملا آ کے سات رنگوں میں

شعاع مہر پڑی جب سے تیری بالی پر

میں کھل کے سانس بھی لیتا نہیں چمن میں رضاؔ

مبادا بار گزرتا ہو سبز ڈالی پر

پہاڑوں سے گھری وادی میں، پتھر سے بنی اک چار دیواری (نظم)

پہاڑوں سے گھری وادی میں، پتھر سے بنی اک چار دیواری

اور اس دیوار کے اندر کئی کمرے

ہزاروں سال کی ویرانیاں اوڑھے کھڑے ہیں

انہی ویران کمروں میں سے اک کمرا

جہاں تین آدمی اک چارپائی پر

خود اپنے آپ سے باہر نکل کر اس طرح بیٹھے ہوئے ہیں

جیسے اپنے آپ میں تھے ہی نہیں

وہ تین ہیں

بس تین

اور چوتھا مجسمہ ہے

جو باہر ایستادہ ہے

ہر اک شے پر اندھیرے

اور اندھیرے پر سسکتی خامشی کا خوف طاری ہے

مگر وہ تینوں روشن ہیں

مکمل طور پر روشن

نہ ان پر خوف کا سایہ

نہ کوئی حزن کی پرچھائیں

وہ باتیں کر رہے ہیں

اور ہوا ساکت کھڑی ہے

گوش بر آواز

لیکن ان کی باتیں بے صدا ہیں

ناگہاں ان تین میں سے ایک کی نظریں ہوا کی سمت اٹھتی ہیں

تو وہ گھبرا کے پھر سے چلنے لگتی ہے

ہوا چلتے ہی ان کی گفتگو آواز میں تبدیل ہوتی ہے

اور اس کی تیز لہریں صحن کی جانب لپکتی ہیں

تو اک سایہ سا لہراتا ہے

سایہ دیکھ کر ان تین میں سے ایک

مارے خوف کے اپنے بدن کو اوڑھ لیتا ہے۔۔۔

دوسرے دن صبح جب خورشید کی کرنوں نے دروازے پہ دستک دی

تو کمرے میں وہ دو تھے

اور۔۔۔

باہر دو مجسمے

مزید غزلیں از اختر رضا سلیمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں