پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آسی آروی کی غزلیں — Aasi Aarwi Ghazals

آسی آروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہاں کسی کی نظر ہے تری نظر کی طرح (غزل)

کہاں کسی کی نظر ہے تری نظر کی طرح

جو کام دل کا بھی کرتی چلے جگر کی طرح

بہت سے ایسے بھی دنیا میں لوگ ملتے ہیں

جو با خبر ہیں مگر ہیں وہ بے خبر کی طرح

یہ بربریت و وحشت یہ آگ اور یہ دھواں

بشر کو رہنا بھی مشکل ہے اب بشر کی طرح

اسیر حور ہیں واعظ اب ان کی کون سنے

کہانی آپ کی ہے طول مختصر کی طرح

برسنے کو تو برستا ہے ابر نیساں بھی

مگر برس نہ سکا میری چشم تر کی طرح

نہ جانے کون سے عالم میں گم ہوا آسیؔ

نہ با خبر کی طرح ہے نہ بے خبر کی طرح

کیا پوچھتے ہو حال دل بیقرار آج (غزل)

کیا پوچھتے ہو حال دل بیقرار آج

جو کل تھی ہے وہ گردش لیل و نہار آج

اس پیکر جفا کو نہ کوس اے دل حزیں

تیری طرح ہے وہ بھی بہت بیقرار آج

میرے ہی دم سے رہ گیا مے خانے میں بھرم

ورنہ جناب شیخ کو ملتا ادھار آج

اس نے لکھا ہے بہر عیادت کل آئیں گے

جینے بھی دے گا مجھ کو دل بے قرار آج

کس مست کی دعا ہوئی مقبول‌ بارگاہ

آیا ہے جھوم جھوم کے ابر بہار آج

میرے لیے کہیں بھی جہاں میں سکوں نہیں

لے کر کہاں چلا ہے دل بے قرار آج

اس گل نے جانے کیا مرے بارے میں کہہ دیا

گزری ہے مجھ سے کٹ کے نسیم بہار آج

یہ فیض ہے طبیبؔ و قتیلؔ اور زارؔ کا

آسیؔ جو شاعروں میں ہے تیرا شمار آج

مزید غزلیں از آسی آروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں