اختر اورینوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مقام دل بہت اونچا بنا ہے (غزل)
مقام دل بہت اونچا بنا ہے
کمند عقل اب تک نارسا ہے
فروغ عشق سے بیتاب جلوے
حریم ناز میں محشر بپا ہے
مزاج حسن میں یہ درد مندی
بہ فیض عشق کیا سے کیا ہوا ہے
خرد ہے جستجوئے سوز آتش
محبت آرزوئے برملا ہے
نوازش ان کی محتاج محبت
مری کم مائیگی کا آسرا ہے
چمن کی نکہت افشانی کا باعث
یہ موج گل ہے یا موج صبا ہے
بھلا کیوں ہو تجھے میری ضرورت
کہ تو سارے زمانے کا خدا ہے
کبھی تو خواب میں آؤ کہ رات بھاری ہے (غزل)
کبھی تو خواب میں آؤ کہ رات بھاری ہے
بجھے چراغ جلاؤ کہ رات بھاری ہے
میری امید کی دنیا ہے سونی سونی سی
ذرا سی آس بندھاؤ کہ رات بھاری ہے
مرا وجود اداسی کی ایک پرچھائی
مری حیات پہ چھاؤ کہ رات بھاری ہے
نفس نفس میں تمنا کہ ہچکیوں کی کسک
رخ جمیل دکھاؤ کہ رات بھاری ہے
یہ نیند ہے ذرا دیکھو سکون مرگ نہ ہو
مریض غم کو جگاؤ کہ رات بھاری ہے
خمیدہ پلکوں پہ تاروں کا بوجھ کیسا ہے
نگاہ ناز اٹھاؤ کہ رات بھاری ہے
چمن طرازیٔ چشم حسیں کی تم کو قسم
کفن پہ پھول سجاؤ کہ رات بھاری ہے
خیال اخترؔ مرحوم سے بھی باز آؤ
دیار حزن سے جاؤ کہ رات بھاری ہے