عاشق جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دور اور پاس کے ستائے ہیں (غزل)
دور اور پاس کے ستائے ہیں
ہم نے ہجرت کے دکھ اٹھائے ہیں
جانے کس پار جا کے اتریں گے
خواب کے جو بھی در بنائے ہیں
اپنی مٹی سے دور ہو کر ہی
ہجر کے دکھ سمجھ میں آئے ہیں
ان کے آنے سے گلستانوں نے
خوشبوؤں کے کنول کھلائے ہیں
منزلوں کو پتہ نہیں ہم نے
راستوں کے فریب کھائے ہیں
کسی پہلو قرار آیا نہیں
دل نے قصے بہت سنائے ہیں
ہم کو عاشقؔ خبر نہیں اس کی
تیر اپنوں نے کب چلائے ہیں
یادوں کا کوئی دیپ جلائے تو بات ہے (غزل)
یادوں کا کوئی دیپ جلائے تو بات ہے
وہ چاندنی ہے پاس بلائے تو بات ہے
آ کر کسی بھی باغ میں مل جائے خیر ہے
گوری اگر نہ گھر پہ بلائے تو بات ہے
پھر ذکر چاہتوں کا سماعت کا حسن ہو
پھر داستان وصل سنائے تو بات ہے
ہے وقت مہرباں تو کرے شاد کام دل
یہ دوریوں کے زخم بھلائے تو بات ہے
رت ہے ملن کی اس کے بھی رستے میں آئے ہیں
تازہ گلاب ہاتھ پہ لائے تو بات ہے
عاشقؔ ہے عاشقی کی ضروری ہے گر اسے
اس عاشقی میں خود کو گنوائے تو بات ہے