اختر نظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب نہیں لوٹ کے آنے والا (غزل)
اب نہیں لوٹ کے آنے والا
گھر کھلا چھوڑ کے جانے والا
ہو گئیں کچھ ادھر ایسی باتیں
رک گیا روز کا آنے والا
عکس آنکھوں سے چرا لیتا ہے
ایک تصویر بنانے والا
لاکھ ہونٹوں پہ ہنسی ہو لیکن
خوش نہیں خوش نظر آنے والا
زد میں طوفان کی آیا کیسے
پیاس ساحل پہ بجھانے والا
رہ گیا ہے مرا سایہ بن کر
مجھ کو خاطر میں نہ لانے والا
بن گیا ہم سفر آخر نظمیؔ
راستہ کاٹ کے جانے والا
خیال اسی کی طرف بار بار جاتا ہے (غزل)
خیال اسی کی طرف بار بار جاتا ہے
مرے سفر کی تھکن کون اتار جاتا ہے
یہ اس کا اپنا طریقہ ہے دان کرنے کا
وہ جس سے شرط لگاتا ہے ہار جاتا ہے
یہ کھیل میری سمجھ میں کبھی نہیں آیا
میں جیت جاتا ہوں بازی وہ مار جاتا ہے
میں اپنی نیند دواؤں سے قرض لیتا ہوں
یہ قرض خواب میں کوئی اتار جاتا ہے
نشہ بھی ہوتا ہے ہلکا سا زہر میں شامل
وہ جب بھی ملتا ہے اک ڈنک مار جاتا ہے
میں سب کے واسطے کرتا ہوں کچھ نہ کچھ نظمیؔ
جہاں جہاں بھی مرا اختیار جاتا ہے