آس رہؔبر کلکتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا رکھا ہے بھلا حوالوں میں (غزل)
کیا رکھا ہے بھلا حوالوں میں
رت بدل جائے گی سوالوں میں
ہائے آنکھوں کی مستیاں تیری
ہے کہاں بات یہ غزالوں میں
جب سر شام تیری یاد آئی
پھول مہکے مرے خیالوں میں
تجھ پہ پریاں بھی رشک کرتی ہیں
ایسی خوشبو ہے تیرے بالوں میں
تیرے رخسار کی چمک توبہ
یہ تو افضل ہے سب کمالوں میں
ہم سفر تم جو میری ہو جاؤ
زیست بیتے مری اجالوں میں
یاد رکھے گا یہ جہاں رہبرؔ
نام تیرا سدا حوالوں میں
ہے اک حسین خواب وفا عین شین ق (غزل)
ہے اک حسین خواب وفا عین شین ق
ہر درد دل کی بس ہے دوا عین شین ق
اظہار عشق اس نے کیا ہے جو روبرو
بے انتہا مجھے بھی ہوا عین شین ق
ہر وقت تیری یاد میں کھویا ہوا ہوں میں
مجھ کو نواز اپنا ذرا عین شین ق
پھر میں رہا نہ کاف الف میم کا کوئی
مجھ سے جب آپ نے ہے کیا عین شین ق
پہلی اور آخری ہو محبت مرے لیے
کرتا رہوں گا تم سے سدا عین شین ق
ملتا ہے چین تیری جو تصویر دیکھ لوں
یادوں سے تیری ایسے ہوا عین شین ق
رب پر یقین رکھ نہ ہو رہبرؔ اداس تو
اک دن تجھے ملے گا ترا عین شین ق