اختر مسلمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس کو کہتے ہیں جفا کیا ہے وفا یاد نہیں (غزل)
کس کو کہتے ہیں جفا کیا ہے وفا یاد نہیں
اے محبت مجھے کچھ تیرے سوا یاد نہیں
دیکھیے ہوتی ہے کس طرح شب غم کی سحر
اب تو اے درد جگر کوئی دعا یاد نہیں
ہو گئی ختم رہ و رسم محبت شاید
میں وفا بھول گیا ان کو جفا یاد نہیں
یوں بھی کر سکتے ہو برباد محبت پہ کرم
ہم نے مانا کہ تمہیں عہد وفا یاد نہیں
دل دیوانہ پہ الزام لگانے والے
جس نے دیوانہ بنایا وہ ادا یاد نہیں
جس سے اخترؔ ہو مرے درد محبت کا علاج
کیا مسیحا نفسوں کو وہ دوا یاد نہیں
مرے واسطے جہاں میں کوئی دل کشی نہیں ہے (غزل)
مرے واسطے جہاں میں کوئی دل کشی نہیں ہے
کہ ترے بغیر جینا کوئی زندگی نہیں ہے
تری ذات کے علاوہ مجھے اور چہیے کیا
تو اگر ہے ساتھ میرے مجھے کچھ کمی نہیں ہے
وہ نظر نظر نہیں ہے نہ ہو جس میں عکس تیرا
کوئی دل ہے وہ بھی جس میں غم عاشقی نہیں ہے
کوئی واسطہ نہیں ہے جسے درد دیگراں سے
وہ ہے آدمی کا پیکر مگر آدمی نہیں ہے
مرے دوستو نہ دیکھو مجھے چشم خشمگیں سے
کہ رہین بادہ نوشی مری بے خودی نہیں ہے
مرے دل کے داغ تو ہی ذرا اور لو بڑھا دے
شب غم ہے تیرہ تیرہ کہیں روشنی نہیں ہے
مری بات سن کے اخترؔ سنی ان سنی نہ کر دو
یہ حدیث جان و دل ہے نری شاعری نہیں ہے