پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر علی اختر کی غزلیں — Akhtar Ali Akhtar Ghazals

اختر علی اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل و جاں ہم نثار کرتے ہیں (غزل)

دل و جاں ہم نثار کرتے ہیں

وہ نگاہوں سے وار کرتے ہیں

حال دل جب انہیں سناتا ہوں

آنکھ وہ اشک بار کرتے ہیں

ہم نے ان سے کبھی گلہ نہ کیا

وہ تو شکوے ہزار کرتے ہیں

آ بھی جاؤ کہ تاب ضبط نہیں

ہر گھڑی انتظار کرتے ہیں

آنکھ ان سے لڑی ہے جب اخترؔ

گل و بلبل سا پیار کرتے ہیں

فریب جلوہ کہاں تک بروئے کار رہے (غزل)

فریب جلوہ کہاں تک بروئے کار رہے

نقاب اٹھاؤ کہ کچھ دن ذرا بہار رہے

خراب شوق رہے وقف انتظار رہے

اب اور کیا ترے وعدوں کا اعتبار رہے

میں راز عشق کو رسوا کروں معاذ اللہ

یہ بات اور ہے دل پر نہ اختیار رہے

چمن میں رکھ تو رہا ہوں بنا نشیمن کی

خدا کرے کہ زمانہ بھی سازگار رہے

جنوں کا رخ ہے حریم حیات کی جانب

الٰہی پردۂ اوہام اعتبار رہے