اکبر شارد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بدلیں گے حالات کے تیور صبر کرو (غزل)
بدلیں گے حالات کے تیور صبر کرو
معرکہ ہوگا ہر اک سر پر صبر کرو
آج گلا اپنا ہے خنجر ان کا ہے
اک دن بدلے گا یہ منظر صبر کرو
دشمن میرے پیچھے چھپ کر بیٹھا ہے
بول اٹھے گا اک اک پتھر صبر کرو
حق تو حق ہے آخر غالب آئے گا
باطل کا جھک جائے گا سر صبر کرو
شافع محشر کی ہے یہ تعلیم ہمیں
غصے کو پی جاؤ اکبرؔ صبر کرو
رکھیں ہر بات میں ہم صاف نیت (غزل)
رکھیں ہر بات میں ہم صاف نیت
گھروں میں آئے گی تب جا کے برکت
عبادت ہے یقیناً یہ عبادت
خدا کے بندوں سے کرنا محبت
ہمارے نوجوانوں کو عطا کر
خدایا جذبۂ شوق شہادت
منافق دوستوں کے درمیاں ہوں
مرے مالک مری کرنا حفاظت
نہیں طالب کسی منصب کا شاردؔ
نہ کوئی آرزوئے عز و شہرت