پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اجمل ابواللیث کی غزلیں — Ajmal Abullais Ghazals

اجمل ابواللیث کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود کو سنوار لینے کی حاجت اسے بھی تھی (غزل)

خود کو سنوار لینے کی حاجت اسے بھی تھی

شاید کہ رنگ و بو کی ضرورت اسے بھی تھی

مجبوریوں نے کر دیا پابند کچھ اسے

رسم وفا نبھانے کی چاہت اسے بھی تھی

دل توڑ کر ہمارا چلا تو گیا مگر

ناکام حسرتوں کی ندامت اسے بھی تھی

یوں پھیر لی نگاہ کہ پہچانتا نہ ہو

کتنی شدید مجھ سے رفاقت اسے بھی تھی

کس کے خیال و خواب کی دہلیز پر سدا

ہر شب گزارنے کی اجازت اسے بھی تھی

کردار کی بلندی کا وہ بھی ہے معترف

مانا کہ تیری ذات سے وحشت اسے بھی تھی

گرچہ انا پرست وہ اجملؔ بلا کا ہے

بیباکیوں پہ میری تو حیرت اسے بھی تھی

پلٹ کے ملنے کا وعدہ کرے تو رک جاؤں (غزل)

پلٹ کے ملنے کا وعدہ کرے تو رک جاؤں

ذرا سی تیری محبت ملے تو رک جاؤں

خیال و خواب کی دنیا سے تم نکل آؤ

حقیقتوں کا کوئی در کھلے تو رک جاؤں

عجب سفر ہے کہ سامان دل لگی بھی نہیں

ترے بدن کی حرارت ملے تو رک جاؤں

ترے سوا نہیں کوئی بھی چارہ ساز مرا

فسانۂ غم دل تو سنے تو رک جاؤں

میں نفرتوں کے اندھیرے میں ہوں قیام پذیر

تمہارے پیار کا سورج اگے تو رک جاؤں

ہر ایک سمت ہے اجملؔ عداوتوں کا سماں

وفا خلوص کا دریا بہے تو رک جاؤں