عاجز ماتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک بار اپنا ظرف نظر دیکھ لیجئے (غزل)
اک بار اپنا ظرف نظر دیکھ لیجئے
پھر چاہے جس کے عیب و ہنر دیکھ لیجئے
کیا جانے کس مقام پہ کس شے کی ہو طلب
چلنے سے پہلے زاد سفر دیکھ لیجئے
ہو جائے گا خود آپ کو احساس بے رخی
گر آپ میرا زخم جگر دیکھ لیجئے
سب کی طرف ہے آپ کی چشم نوازشات
کاش ایک بار آپ ادھر دیکھ لیجئے
تارے میں توڑ لاؤں گا آکاش سے مگر
شفقت سے آپ بازو و پر دیکھ لیجئے
جمہوریت کا درس اگر چاہتے ہیں آپ
کوئی بھی سایہ دار شجر دیکھ لیجئے
ہو جائے گی حقیقت شمس و قمر عیاں
ان کو نگاہ بھر کے اگر دیکھ لیجئے
یہ برق حادثات بھی کیا ظلم ڈھائے گی
اٹھنے لگے گلوں سے شرر دیکھ لیجئے
عاجزؔ چلی ہیں ایسی تعصب کی آندھیاں
اجڑے ہوئے نگر کے نگر دیکھ لیجئے
ہر سو جہاں میں شام و سحر ڈھونڈتے ہیں ہم (غزل)
ہر سو جہاں میں شام و سحر ڈھونڈتے ہیں ہم
جو دل میں گھر کرے وہ نظر ڈھونڈتے ہیں ہم
ان بستیوں کو پھونک کے خود اپنے ہاتھ سے
اپنے نگر میں اپنا وہ گھر ڈھونڈتے ہیں ہم
جز ریگ زار کچھ بھی نہیں تا حد نگاہ
صحرا میں سایہ دار شجر ڈھونڈتے ہیں ہم
تسلیم ہے کہ جڑتا نہیں ہے شکستہ دل
پھر بھی دکان آئینہ گر ڈھونڈتے ہیں ہم
جس کی ادا ادا پہ ہو انسانیت کو ناز
مل جائے کاش ایسا بشر ڈھونڈتے ہیں ہم
کچھ امتیاز مذہب و ملت نہیں ہمیں
اک معتبر رفیق سفر ڈھونڈتے ہیں ہم
اس دور میں جو فن کو ہمارے پرکھ سکے
وہ صاحب زبان و نظر ڈھونڈتے ہیں ہم
ہاتھ آئے گا نہ کچھ بھی بجز سنگ بے بساط
اتھلے سمندروں میں گہر ڈھونڈتے ہیں ہم
عاجزؔ تلاش شمع میں پروانے محو ہیں
حیرت انہیں ہے ان کو اگر ڈھونڈتے ہیں ہم